سید امجد شاہ
جموں//جموں میں ڈینگو کی وجہ سے ساتویں موت ریکارڈ کی گئی ہے کیونکہ مثبت کیسوں کے مجموعی اعداد و شمار 4521 تک پہنچ گئے ہیں اور جموں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے جس کے بعد ادھم پور ہے۔ایک عہدیدارنے بتایا کہ ایک 55 سالہ خاتون کو اکھنور سے سنگین حالت میں جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا تھا کیونکہ اسے 22 اکتوبر 2022 کو شدید بخار تھا۔جی ایم سی جموں کے ایک سینئر افسر نے کہا’’جب ڈینگو سے متاثرہ خاتون کو جی ایم سی جموں لایا گیا تو اس کی حالت نازک تھی۔ اسے تیز بخار تھا اور اس لیے ڈاکٹروں کی جانب سے اسکی جان بچانے کی تمام کوششوں کے باوجود وہ زندہ نہیں رہ سکی “۔افسر نے کہا کہ “متاثرہ افراد کی اطلاع بعد کے مرحلے میں جی ایم سی جموں کو دی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ سات اموات ہوئی ہیں”۔افسر نے مزید کہا ’’اگر متاثرہ افراد کو بروقت مناسب علاج مل جائے تو ان کی جان بچائی جا سکتی ہے‘‘۔دریں اثنا محکمہ صحت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے افسر نے کہا کہ انہوں نے 14681 ٹیسٹ لیے ہیں اور ان میں سے 4521 میں ڈینگو مثبت آیا ہے۔اگرچہ کل (22 اکتوبر) کے مقابلے میں ڈینگو کے 57 کیس کم تھے لیکن یہ اعداد و شمار خاص طور پر جموں کے آبادی والے علاقوں میں ڈینگو کے پھیلاؤ کے حوالے سے تشویشناک ہیں۔23 اکتوبر 2022 کو محکمہ صحت نے 206 مثبت کیس درج کیے۔ 23 اکتوبر 2022 کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق601 ٹیسٹ کیے گئے اور 206 ڈینگو مثبت پائے گئے۔ڈینگو کے ان 206 مثبت کیسوں میں سے، سرکاری اعداد و شمار یہ بتاتے ہیں کہ15 بچے ہیں جن میں 8 لڑکیاں اور 191 بالغ ہیں جن میں 73 خواتین شامل ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ صرف جموں ضلع میں ڈینگو کے 143 مثبت کیس ہیں اور اس کے بعد ادھم پور میں ڈینگوکے 39 مثبت معاملات ہیں۔اسی طرح ڈوڈہ میں 12، سانبہ میں 4، ریاسی اور رام بن میں 3،3، اور پونچھ اور کشتواڑ میں ایک ایک کیس ہے۔ اگرچہ کشمیر میں کوئی تازہ کیس سامنے نہیں آیا ہے لیکن اب تک کل چھ مثبت کیس پائے گئے ہیں۔اب تک جموں و کشمیر میں 22 اکتوبر 2022 کو263 ڈینگو کے مثبت کیس رپورٹ ہوئے تھے جو ابتک کی روزانہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ڈینگو کے ان 263 کیسوں میں سے 202 کیس اکیلے جموں ضلع سے تھے۔اس کے بعد ڈوڈہ ضلع 22 کیسوں کے ساتھ دوسرے اور پھر ادھم پور 15 کیسوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا۔7 اکتوبر 2022 سے کیس بڑھنا شروع ہوئے جب محکمہ صحت نے 36 مثبت کیس رپورٹ کیے۔ اگلے دن کیس بڑھ کر 181 ہو گئے۔ 19 اکتوبر کو ڈینگو کے یہ کیس 171 تھے لیکن 20 اکتوبر کو کیس پھر بڑھ گئے یعنی 232 مثبت کیس سامنے آئے۔اگلے دن 21 اکتوبر کو محکمہ صحت نے 203 کیس رپورٹ کیے۔