یو این آئی
جموں/جموں و کشمیر کے محکمہ امورِ نوجوانان اور کھیل کے زیرِ اہتمام ہفتہ اور اتوار کو دو روزہ قومی کھیل کانفرنس سریجن منعقد کی جا رہی ہے ۔ یہ تاریخی ایونٹ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا، جس کا مقصد قومی کھیل پالیسی 2025 کے وژن کے مطابق خطے میں کھیلوں کے مستقبل کو نئی سمت دینا ہے ۔اس موقع پر اولمپک گولڈ میڈلسٹ ابھینو بندرا اور اولمپک تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کرنَم ملّیشوری سمیت کئی ممتاز کھیل شخصیات کی موجودگی متوقع ہے ۔ان کے علاوہ کئی قومی و بین الاقوامی سطح کے مقامی کھلاڑی، پالیسی ساز، اور مختلف ریاستوں کے مندوبین بھی اس فکری نشست کا حصہ بنیں گے ۔محکمہ کے ایک سینئر افسر کے مطابق یہ کانفرنس قومی کھیل پالیسی 2025 کے وژن کے مطابق جموں و کشمیر میں کھیلوں کے مستقبل کو نئی سمت دینے کے مقصد سے منعقد کی جا رہی ہے ۔ کانفرنس میں پالیسی ساز، مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نمائندے اور کھیل انتظامیہ سے وابستہ ماہرین شریک ہوں گے ۔کانفرنس میں کھیل انتظامیہ میں بہترین طریقوں، عوامی شرکت میں اضافے اور قومی کھیل پالیسی 2025 کے مؤثر نفاذ پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔محکمہ کی ڈائریکٹر جنرل انورادھا گپتا نے اس موقع پر کہا،یہ کانفرنس صرف بحث و مباحثے کا فورم نہیں بلکہ جموں و کشمیر میں کھیل انقلاب کا آغاز ہے ۔ ہمارا ہدف واضح ہے کہ ہر مقامی ٹیلنٹ کو نکھارا جائے اور انہیں فتح کے پوڈیم تک پہنچایا جائے ۔