سری نگر /گورنر کے صلاح کار بی بی وِیاس نے جموں اینڈ کشمیر انڈسٹریز لمیٹیڈ کی طرف سے تیار کردہ اشیاء کی بہتر پیکنگ اور مارکیٹنگ پر زور دیا ہے تاکہ خرید اور منافع میں اضافہ ہوسکے۔صلاح کار نے جے کے آئی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 155ویں میٹنگ میں خطاب کے دوران ان خیالا ت کا اظہار کیا ۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار ، منیجنگ ڈائریکٹر کشمیر انڈسٹریز لمٹیڈ جاوید اقبال ، ڈپٹی سیکرٹری صنعت و حرفت راجا جی بٹ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وِیاس نے کہا کہ جن اشیاء کی مقامی بازاروں میں مانگ رہتی ہے اُن کی منیفکچرنگ کوترجیح دی جانی چاہئے ،۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بدولت مطلوبہ اشیاء کو عوام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ منافع میں بھی اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔ریاست میں ریشم کی صنعتوں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے حوالے سے صلاح کار نے تمام اُن متعلقہ فیکٹریوں جنہیں بحالیاتی منصوبے کے تحت فنڈ کیا گیا ہے ، کو وقت قلیل میں قابل کار بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریشم اور اون کی صنعتوں کو بحال کرنے سے جے کے آئی ایل موجودہ بازاری مانگوں کے مطابق اعلیٰ معیاری اشیاء تیار کرنے کی اہل بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ منیفکچرنگ کے اضافے سے کارپوریشن کو ای ۔پلیٹ فارم پر تیار کردہ اشیاء فروخت کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔شیلندر کمار نے میٹنگ میں بتایا کہ کارپوریشن اپنی مصنوعات میں اضافہ کے لئے اختراعی اقدامات کررہی ہے اور صارفین کی مانگوں کے مطابق بھی اشیاء تیار کی جائے گی۔ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ سلک فیکٹری راجباغ کو 23کروڑ 54لاکھ روپے کی مالیت سے بحال کیا جارہا ہے ۔ اسی طرح وولن ملز بمنہ کو بھی 11کروڑ 74لاکھ روپے کی لاگت سے بحال کیا جارہا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سلک فیکٹر ی بڑی برہمنا اور جوائنری ملز بڑی برہمنا کو بھی اسی طرز پر بالترتیب 11کروڑ 84لاکھ اور 8کروڑ 50لاکھ روپے کی لاگت سے فروغ دیا جارہا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سلک فیکٹری راجباغ کو اگلے سال مارچ جبکہ وولن مل کو اگلے سال جنوری تک قابل کار بنایا جائے گاجبکہ بڑی برہمنا میں قائم مذکورہ ملوں کو بھی اگلے مارچ تک قابل کار بنایا جائے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں اینڈ سولنہ فلیچر کی تشکیل نو سے بورڈ کو سالانہ 10لاکھ میٹر ریشمی کپڑے کی پیداوار حاصل ہوگی ۔اس مقصد کے لئے 250میٹرک ٹن غنچہ ابریشم استعمال کئے جائیںگے جبکہ بمنہ وولن ملز کے سپنگ پلانٹ واقع سولنہ اینڈ نوشہرہ میں 2020تک سالانہ 4لاکھ میٹر اونی کپڑا تیار کیا جائے گا۔ صلاح کار نے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹر سی 82ویں میٹنگ کی بھی صدارت کی جس میں مکانات و شہر ی ترقیات کے فائنانشل کمشنر کے بی اگروال ، کمشنر سیکرٹری مال ، صوبائی کمشنر جموں ، وی سی جے ڈی اے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ صلاح کار نے جموں شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے جے ڈی اے کو جامع منصوبہ تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔انہوں نے مختلف جاری پروجیکٹوں پر کام کی رفتار میں سرعت لا کر انہیں مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ صلاح کار نے مختلف متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کے ساتھ لگاتار بنیادوں پر میٹنگوں کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی تاکہ پروجیکٹوں میں حائل اڑچنوں کو دور کیا جاسکے اور تجاویز بھی حاصل کی جاسکیں۔میٹنگ میں پی ایم اے وائی کے تحت 1008فلیٹ تعمیرکرنے جبکہ ہاوسنگ کالونی فروغ ، پٹولی جانی پورہ میں پارک کے قیام اور دیگر ترقیاتی امور تبادلہ خیال ہوا۔