جموں //جموں مسلم فرنٹ نے ٹی آر سی جموں میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا جس میں وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مولوی عمران رضا انصاری نے مہمانِ خصوصی کی حثیت سے شرکت کی ۔ افطار پارٹی میں سول سوسائیٹی کے ممبران ، معزز شہری ، متعددتجارتی اور مذہبی آرگنائیزیشنوں کے ممبران کے علاوہ سماج کے معزز شہریوں نے بھی شرکت کی ۔ ڈویژنل کمشنر جموں ہیمنت کمار شرما ، آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ ، اے ڈی سی جموں ڈاکٹر ارون منہاس کے علاوہ سول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور صحافی برادری کے نمائیندے بھی افطار پارٹی میں موجود تھے ۔ مولوی عمران رضا انصاری نے اس موقعہ پر عوام کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریاست میں امن و امان اور خوشحالی کی دعا کی۔ انہوں نے جموں واسیوں کو خطے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی قدیم روائت کو قایم رکھنے کیلئے اُن کی سراہنا کی ۔ انہوں نے نوجوانوں کو ریاست کی ترقی میں اپنا نمایاں رول ادا کرنے کی تلقین کی ۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے افطار پارٹی میں آئے ہوئے مہمانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔