جموں//بیک ٹو ولیج پروگرام کے چوتھے ایڈیشن کے حصے کے طور پرجموں ڈویژن کے اضلاع میں روزگار میلہ (اہلیت سے روزگار میلہ) کا انعقاد کیا گیا۔’روزگار میلہ‘ کی کارروائی وزیر اعظم نریندر مودی کے ورچوئل خطاب کے ساتھ شروع ہوئی جنہوں نے جموں و کشمیر میں سرکاری محکموں میں کام کرنے کے لیے تقررنامے حاصل کرنے والے 3,000 نوجوانوں کو مبارکباد دی۔اس دوران ضلعی ترقیاتی کونسل کے چیئرمینوں، ڈپٹی کمشنروں اور دیگر افسران نے میلے میں نئے تعینات ہونے والوں کو تقرری کے لیٹر حوالے کئے۔
سانبہ
ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین کیشو دت شرما نے ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں ڈپٹی کمشنر انورادھا گپتا کی موجودگی میں روزگار میلہ اقدام کے تحت 200 نئے منتخب نوجوانوں کو تقررنامے حوالے کئے۔
راجوری
ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے نئے تعینات ہونے والے سب آڈیٹرز اور درجہ چہارم کے ملازمین کو 100 تقررنامے سونپے۔نئے تعینات ہونے والوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، ڈی سی نے ان پر زور دیا کہ وہ پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ کام کریں اور اپنے کیریئر میں پیشرفت کے لیے بہترین کام کریں۔
ریاسی
چیئرپرسن، ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ریاسی، صراف سنگھ ناگ نے ڈپٹی کمشنر بابیلا رکوال کی موجودگی میں جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے ذریعہ منتخب کردہ 67 امیدواروں کو تقرر نامہ حوالے کئے۔اس تقریب کا انعقاد نوجوانوں کو حکومت کے لیے پوری لگن کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دینے کے لیے کیا گیا تھا۔
کٹھوعہ میںروزگار میلہ کی کارروائی ڈی سی آفس کمپلیکس کٹھوعہ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ سرکاری محکموں کی مختلف اسامیوں پر تعینات 156 نوجوانوں کو تقررنامہ دیا گیا۔تقریب کی صدارت ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرپرسن مہان سنگھ نے کی۔ وائس چیئرپرسن رگھونندن سنگھ، دیگر ڈی ڈی سی ممبران اور ضلع انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔
پونچھ
ڈپٹی کمشنر پونچھ، اندر جیت نے نئے تعینات ہونے والے سب ایڈیٹرز اور درجہ چہارم کے ملازمین کو 91 تقرری لیٹر حوالے کیے۔نئے تعینات ہونے والوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی نے انہیں پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ کام کرنے اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی۔
ادھم پور
ضلع انتظامیہ ادھم پور کی طرف سے ایک متاثر کن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرپرسن لال چند نے روزگار میلہ کے تحت جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے ذریعہ منتخب کردہ 170 امیدواروں کو تقرر نامہ حوالے کئے ۔میلے سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن نے نو منتخب امیدواروں کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
رام بن
ضلع انتظامیہ رام بن نے ضلعی انتظامی کمپلیکس رام بن میں ایک روزگار میلہ کا انعقاد کیا اور سروس سلیکشن بورڈ کے ذریعہ منتخب کردہ 57 امیدواروں کو تقرری کے آڈر پیش کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر مسرت اسلام نے ضلع رام بن میں ریونیو، ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، جنگلات، زراعت، پی ڈبلیو ڈی، قانون و پارلیمانی امور، جانور اور بھیڑ پالنے سمیت مختلف محکموں میں تعینات ایم ٹی ایس کے عہدوں کے لیے نو منتخب امیدواروں کو تقررنامے دئے
جموں صوبہ بھر میں اہلیت سے روزگار میلہ کا انعقاد | ڈی ڈی سی چیئرپرسنوں، ڈپٹی کمشنروں نے امیدواروں میں تقرر نامے تقسیم کئے