محمد تسکین
بانہال //جموں سرینگر قومی شاہراہ پر منگل کو مسلسل دوسرے دن بھی ٹریفک معطل رہا، تاہم شام دیر گئے اسے 16گھنٹے کے بعد جزوی طور بحال کیا گیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کم از کم چار گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد شاہراہ کو منگل کی شام دوبارہ کھول دیا گیا تھا تاہم منگل اور بدھ کی درمیانی رات ہوئی شدید بارشوں کی وجہ سے شاہراہ بانہال کے نزدیک چملواس شالگڑی میں ایک بھاری بھرکم پسی کے گر آنے کیوجہ سے پھر بندکی گئی ۔تاہم بدھ کی شام شاہراہ کی جزوی بحالی ممکن ہو سکی اور درماندہ ٹریفک کو نکالنے کا عمل شروع کیا گیا ۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات بانہال سے سات کلومیٹر پہلے شالگڑی میں فورلین ٹنل کے باہر ایک بھاری لینڈ سلائیڈ نے شاہراہ کی دونوں لینوں کو مکمل طور پر بند کر دیا اور جزوی بحالی بدھ کی شام قریب چھ بجے ہی ممکن ہو سکی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں سرینگر جانے والے تقریباً 500 ٹرک اور دوطرفہ ٹریفک میں 200 سے زائد درماندہ مسافر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔ پچھلے چار پانچ روز سے جاری بارشوں کیوجہ سے ناشری اور بانہال کے درمیان وقفے وقفے سے گرنے والی پسیوں اور پتھروں کے باعث شاہراہ چار دنوں میں سے تقریباً تین دن تک جزوی یا مکمل طور پر بند رہی ۔