جموں //کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے پورے ملک کی طرح جموں صوبہ میں بھی پیر کے رو زبھی لاک ڈائون کانفاذ جاری رہا ۔اگرچہ کئی جگہوں پر انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو خریداری کیلئے ڈھیل دی گئی تاہم بھاری بھیڑ جمع ہوجانے پر کچھ مقامات پر انتظامیہ اور پولیس کو دکانیں بند کرواناپڑیں اورسماجی دوریوں کویقینی بنانے کیلئے سختی سے کام لیناپڑا۔راجوری ، پونچھ ،جموں و خطہ چناب کے کچھ علاقوں میں لوگ بازاروں میں امڈ آئے جس کی وجہ سے بھیڑ لگ گئی لیکن انتظامیہ و پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے اس بھیڑ پر قابو پالیا اور دکانیں بھی بند کروادی گئیں ۔روزانہ کی طرح پیر کے روز بھی عام بندشیں جاری رہیں اور پولیس اور سیکورٹی فورسز کی جگہ جگہ تعیناتی رکھی گئی تاکہ امتناعی احکامات کی پاسداری کو یقینی بنایاجاسکے ۔جموں شہر و نواحی اضلاع کے ساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب میں بھی صورتحال جوں کی توں رہی اور پولیس و سیکورٹی فورسز کو جگہ جگہ تعینات کیاگیا تھاتاہم اس دوران سبزی ، گوشت، مرغوں،کریانہ،دوائیوں اور اسٹیشنری وغیرہ کی دکانیں کھلی رہیں تاہم ٹریفک بند رہنے سے سڑکیں بدستور سنسان نظر آئیں ۔جموں سرینگر شاہراہ سمیت سبھی سڑکوں پر صرف اشیائے ضروریہ والے ٹرکوں اور ٹینکر وں کی آمدورفت جاری رہی اور پرائیویٹ اور نجی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر سڑکوں سے غائب رہا۔ شہر جموں و دیگر قصبہ جات میں جراثیم کش ادویات کے چھڑکائو کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ کئی سیول انتظامیہ اور پولیس کے علاوہ کئی دیگر تنظیموں کی طرف سے ضرورتمندوں میں غذائی اجناس کی تقسیم بھی کی جارہی ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے کورونا وائرس کے پیش نظرملک گیر لاک ڈائون کا اعلان کیاگیاہے جس کا جموں وکشمیر میں بھی سختی سے نفاذ جاری ہے ۔