سرینگر//جموں کشمیرحکومت نے سوموار کو جرمنی سے حاصل کئے گئے نوجدیدترین آکسیجن پلانٹ وصول کئے،اس دوران لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے وزیراعظم نریندر مودی کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی مداخلت کی بدولت ہی جموں کشمیر کو یورپ سے قلیل وقت میں سولہ آکسیجن پلانٹ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم نریندر مودی کا شکرگزار ہو،جو وہ جموں کشمیر کے لوگوں کی بہترصحت سہولیات کے لئے ہرممکن کوششیں کررہے ہیں۔لیفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہمارامقصد ہے کہ جموں کشمیرمیں میڈیکل آکسیجن کی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ہنگامی صحت صورتحال کا مقابلہ کیا جائے۔اس دوران سوموار کو جموں کشمیرکویوروپ سے جدیدترین ٹیکنالوجی کے نومیڈیکل آکسیجن پلانٹ موصول ہوئے ۔یہ آکسیجن پلانٹ صوبائی کمشنر پی کے پولے نے ائر پورٹ پر حاصل کئے اورانہیں فرینکفرٹ جرمنی سے ایک کارگوجہازمیں 5جون کو روانہ کیاگیااوریہ سوموارکوسرینگر ائرپورٹ پر وصول کئے گئے۔ان میں 4000لیٹر فی منٹ صلاحیت کے پانچ آکسیجن پیداکرنے والے پلانٹ کشمیرکے اسپتالوں میں نصب کئے جائیں گے جبکہ چار جموں کے اسپتالوں میں نصب ہوں گے۔