عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر میں گزشتہ تین سالوں میں جذام، ملیریا اور تپ دق کے معاملات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔جمعہ کو لوک سبھا میں پیش کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق یونین ٹیریٹری میں جذام کا پتہ لگانے کی شرح 2023-24 میں 0.42 سے بڑھ کر 2024-25 میں 0.8 فی ایک لاکھ آبادی پر پہنچ گئی۔ملیریا کے کیسز پچھلے سال 44 سے بڑھ کر 2024 میں 108 ہو گئے اور تپ دق کے کیسز 2024 میں بڑھ کر 12,200 ہوگئے ہیں، جو 2023 میں 11,754 تھی۔ملک بھر میں، مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ جذام، ملیریا اور تپ دق کے رجحانات علاقے کے لحاظ سے بڑے پیمانے پر مختلف ہیں۔ ہندوستان میں جذام کا پتہ لگانے کی شرح 2023-24 میں 7.55 سے کم ہو کر 2024-25 میں 7.00 رہ گئی، حالانکہ چھتیس گڑھ اور جھارکھنڈ جیسی زیادہ ریاستیں بلند سطح کی اطلاع دیتی رہیں۔ ملک بھر میں ملیریا کے کیسز 2023 میں 2.27 لاکھ سے بڑھ کر 2024 میں 2.55 لاکھ ہو گئے۔ تپ دق کے معاملات 2024 میں بڑھ کر 26.17 لاکھ ہو گئے جو 2023 میں 25.52 لاکھ تھی۔مرکزی وزارت صحت نے کہا ہے کہ صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے اور انسانی وسائل کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری خاص طور پر دیہی علاقوں میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ہے۔ مرکز سالانہ پروگرام کے نفاذ کے منصوبوں کے تحت ریاستوں کو تکنیکی اور مالی امداد بشمول بیماریوں پر قابو پانے کے پروگرام اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے ذریعے مدد کرتا ہے۔