ٹوکیو//امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے پہلے بیرونِ ملک دورے کے دوران ٹوکیو میں اپنے جاپانی ہم منصبوں موتیگی توشی متسو اور کشی نوبواو سے ملاقات کی۔اس اہم اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرا نے آزاد اور کھلے ہند بحرالکاہل خطے کے ساتھ ضوابط کی بنیاد پر بین الاقوامی نظام کے قیام سے متعلق اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ بین الاقوامی نظام کے ساتھ مطابقت نہ رکھنے والے چینی اقدامات جاپان امریکا اتحاد اور عالمی برادری کے لیے سیاسی، معاشی اور عسکری و فنی مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کارروائی کے مخالف ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکی وزرائے خارجہ اور دفاع کے بیرونِ ملک پہلے دورے میں جاپان کو شامل کرنے سے بائیڈن حکومت کا ایشیائی اتحادیوں کو اہمیت دینا واضح ہوتا ہے، خاص طور پر ایک ایسے وقت میں جب چین کے اقدامات نے امریکا کو تشویش میں مبتلا کررکھا ہے۔