عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی کشمیر میں ریشم کے کیڑے پالنے والے کسانوں پر مشتمل پانچ روزہ بین ریاستی تربیتی پروگرام کا تیسرا وفد ہماچل پردیش کیلئے روانہ ہو گیا۔ یہ تربیتی و مطالعاتی دورہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (HADP)کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، جس کی نگرانی ڈائریکٹر سریکلچر جموں و کشمیراعجاز احمد بٹ کر رہے ہیں۔کسانوں کا یہ وفد محکمہ سریکلچر ڈیولپمنٹ جموں و کشمیر کے کمپلیکس تلسی باغ سرینگر سے روانہ ہوا، جہاں محکمہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ تربیتی پروگرام میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ترقی پسند کسان شریک ہیں۔اس پروگرام کا مقصد کسانوں کو جدید اور سائنسی طریقوں سے روشناس کرانا ہے، جن میں ریشم کے کیڑوں کی جدید پرورش، بیماریوں کا موثر تدارک، شہتوت کی جدید کاشت، معیاری کوکون کی پیداوار اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں، جو ہماچل پردیش میں کامیابی سے رائج ہیں۔ اس اقدام سے پیداوار میں اضافہ، آمدنی میں بہتری اور جموں و کشمیر میں پائیدارسریکلچر کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔اس موقع پر اعجاز احمد بٹ نے کہا کہ اس نوعیت کے مطالعاتی دورے HADPکا ایک اہم حصہ ہیں، جن کا مقصد روایتی طریقوں اور جدید ٹیکنالوجی کے درمیان موجود خلا کو پر کرنا ہے۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ تربیت کے دوران حاصل کردہ جانکاری اور مہارتوں کو عملی طور پر نافذ کریں تاکہ کوکون کے معیار اور مجموعی پیداوار میں نمایاں بہتری آ سکے۔