کیا فیفا وینیو کی تبدیلی کے دباؤ میں آئے گا؟
تہران/نیویارک/ اپریل ایرانی حکومت نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنی قومی ٹیم کی شرکت کو وینیو (مقام) کی تبدیلی سے مشروط کر دیا ہے ۔ ایرانی وزیرِ کھیل احمد دنیامالی کے مطابق، جب تک فیفا ایران کے میچز امریکہ سے میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست پر جواب نہیں دیتا، تب تک شرکت کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ایرانی فٹ بال فیڈریشن کا موقف ہے کہ خطے میں جاری حالیہ جنگ میں اسرائیل کے ساتھ امریکی فوجی مداخلت کے باعث ان کی ٹیم کے لیے امریکہ میں کھیلنا مناسب نہیں۔ ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ گروپ مرحلے کے تمام تینوں میچز امریکہ کے بجائے میکسیکو منتقل کیے جائیں۔ ایران کے وزیرِ کھیل نے ترک ایجنسی انادولو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا”ہماری درخواست فیفا کے پاس موجود ہے لیکن اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ اگر یہ مطالبہ تسلیم کر لیا گیا تو شرکت یقینی ہوگی، بصورتِ دیگر موجودہ حالات میں امریکہ میں کھیلنا بہت مشکل نظر آتا ہے ۔فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کا کہنا ہے کہ ایران کے میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے ۔