تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی میں بے روزگار نوجوانوں نے اپنی مانگوں کو لے کر ایک پرامن احتجاج کیا۔بے روز گار نوجوانوں نے گزشتہ روز لیفٹیننٹ گورنر جموں وکشمیر کی طرف ابک جاری کئے گئے ایک حکم نامہ ،جس میں سبکدوش انجینئروں کی دوبارہ بحالی کے سلسلہ میں حکامات کا ذکر کیا گیا ہے ۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ انجینئروں کی کمی کی وجہ سے کئی محکمہ جات میں خلل پیدا ہو گیا ہے ۔نوجوانوں نے انتظامیہ مخالف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ اگر انتظامیہ سبکدوش ملازمین سے مدد لے سکتی ہے تو نئی تعیناتیاں کیوں نہیں کی جارہی ہیں ۔انجینئر ارشد اعجازخان وانجینئر عرفان انجم نے بولتے ہوئے کہاکہ سرکار ہمارے ساتھ سوتیلا سلوک رواں رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہاکہ بے روز گار انجینئروں کو انتظامیہ کی جانب سے یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بڑی تعداد میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اس وقت بے روز گار ہیں ۔مظاہرین نے کہاکہ سیلف ہیلپ گروپ کو چلایا گیا تھا جس کے ذریعے وہ کچھ نہ کچھ چھوٹا موٹا کام کرکے اپنا وقت گزارتے تھے مگر سرکارنے اس کو بھی بند کردیا ہے وہیں انہوں نے مرکزی سرکار و ریاستی لیفٹیننٹ گورنرانتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ سیلف ہیلپ گروپ کو بھی دوبارہ چلایا جائے جبکہ سبکدوش انجینئروں کی دوباری بحالی کے فیصلے کو جلدازجلد واپس لیا جائے ۔