عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی میں ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا جہاں ایک ایکو گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر پھسل گئی اور تقریباً ڈیڑھ سو فٹ گہری کھائی میں جا گری تاہم خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت گاڑی سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں اس کی جان بچ گئی۔ واقعہ اس مقام پر پیش آیا جو ایک مصروف اور عام راستہ ہے، جہاں دن رات لوگوں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے اور آس پاس بڑی تعداد میں رہائشی مکانات بھی موجود ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق خوش قسمتی سے حادثے کے وقت مذکورہ مقام پر کوئی راہگیر موجود نہیں تھا، بصورت دیگر ایک بڑا جانی نقصان ہو سکتا تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کی باریک بینی سے جانچ شروع کر دی ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی اور موڑ دار سڑکوں پر سفر کے دوران احتیاط سے کام لیں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔