تعارف
عالمگیریت (گلوبلائزیشن )کے اس دور میں ہاسپیٹالیٹی (مہمان نوازی، خاطر مدارت) کی صنعت نہ صرف یہ کہ اہمیت رکھتی ہے بلکہ تیزی سے ایک پیشہ ور کیریئر فراہم کرے والی صنعت بن گئی ہے۔ اس شعبہ میں طالبعلم کو کاروبار اور ہوٹل انڈسٹری سے متعلق مختلف پہلوئوں سے روشناس کرایاجاتا ہے اور معلومات کے ساتھ ساتھ عملی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ مختلف افعال جس میں سفر(ٹراویل)، سیرو تفریح (ٹورزم)، اعلیٰ درجے کے ہوٹلوں میں مہمانوں کی خاطر مدارت(ہاسپیٹالیٹی)، رکھ رکھائو اور کھانے پینے کے انتظامات(ہائوس کیپنگ اور کیٹیرنگ)اورصارفین کی خدمات (کسٹمر سروسیس) وغیرہ کی تعلیم وتربیت دی جاتی ہے۔
کورس کے خد و خال
بھارت میں بہت سارے منیجمنٹ اداروں میں ہاسپیٹالٹی منیجمنٹ کے ڈپلوما اور ڈگری کورس جاری ہیں۔ جس میں طالب علموں کو مہمانوں کے شعبے میں نگرانی اور انتظامی ذمہ داریاں کو مؤثر طور پر سنبھالنے کے لئے تمام مطلوبہ علم، مہارت اور نقطہ نظر حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ کورسیس اصول انتظامیہ کے اطلاق پر زیادہ زور دیتے ہیں نہ صرف تعلیم بلکہ مختلف شعبوں میں عملی تربیت کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں ان میں غذا کی تیاری(فوڈ پروڈکشن) ، غذا اور مشروبات کی خدمات(فوڈ اینڈ بیوریجیس سروسیس)، دفتری کام اور ہائوس کیپنگ کی خدمات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یہ کورس فروخت، بازار کاری(مارکیٹنگ)، مالی انتظامیہ، انسانی وسائل انتظامیہ، ہوٹل اورپکوان کے قوانین، اثاثہ جات انتظامیہ، انتر پرینرشپ (کاروباری امور) انتظامیہ، ٹورزم اسٹدیز میں درکار کمپیوٹر کی معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔
کورس کے لیے درکار مہارت و رجحان : ایسے طلبہ جو ہاسپیٹالیٹی منیجمنٹ کورس میں دلچسپی رکھتے ہیں اور کرئیر بنانا چاہتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ ان کا اچھا تنظیمی پس منظر ہو، بات چیت ، گفتگو کے آداب سے واقفیت (اچھی کمیونکیشن اسکل) ، باہمی تعلقات کو بہتر بنانے اور برقرار رکھنے کی مہارت اور نظم و ضبط کی پابندی کی قابلیت و مہارت ہو۔ اس شعبے میں کامیابی کے لیے امیدوار کو باہمی تعاون کے جذبے سرشار ، نرم گفتار، مہمانوں سے عزت سے پیش آنے والااور دوسروں کی تنقیدوں کو خندہ پیشانی سے قبول کرنے والاہونا چاہیے۔
روزگار کے مواقع
ہاسپیٹالیٹی اور ٹورزم منیجمنٹ کے تحت درج ذیل شعبوں اور صنعتوں(انڈسٹریز) میں روزگار کے مواقع دستیاب ہیں۔ ہاسپیٹالیٹی منیجمنٹ میں ڈپلوما اور ڈگری (گریجویشن) کرنے کے بعد روزگار کے علاوہ پوسٹ گریجویشن (ماسٹر ڈگری ) اور اعلیٰ تعلیم بھی بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
چند اہم شعبے : ائیرلائنس اور ریلوے ٹورزم ، ٹراویل ایجنسیاں ، کانفرنسیس اور کنسوینشن سینٹرس ، ٹورسٹ آفس ، وزارت سیاحت ، ٹور آپریٹرس، اِسپا اور صحت کے مراکز، کروز کمپنیاں (سمندری سیاحت کے مقصد سے قائم کردہ کمپنیاں)، ایونٹ منیجمنٹ کمپنیاں، میوزیم اور دیگر ثقافتی مراکز ، تھیٹر اور کنسرٹ ادارے، فٹ نیس سینٹرو اسپورٹس تنظیمیں(جم، گولف کلب، تھیم پارک وغیرہ)، رئیل اسٹیٹ منیجمنٹ کمپنیاں، ہوٹل اور سیاحتی سامان تیار کرنے والی کمپنیاں وغیرہ ۔ اس کے علاوہ تھوڑے سرمائے کی مدد سے ایک گریجویٹ شخص اپنا خود کا روزگار ٹراویلس و ٹورزم ایجنسی کے طور پر کرسکتا ہے ، چھوٹے شہروں میں مختلف ہوٹلوں میں کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرسکتا ہے ۔ ایک پوسٹ گریجویٹ امیدوار ہوٹل اور ہاسپیٹالیٹی منیجمنٹ کے کالیجیز میں بطور لیکچرر بھی اپنی خدمات انجام دے سکتا ہے۔
تنخواہ
ہاسپیٹالیٹی منیجمنٹ میں ڈپلوما یا ڈگری کرنے کے بعد امیدوار کو بطور ٹرینی (تربیتی امیدوار) منتخب کیا جاتا ہے۔ چھ مہینے یا ایک سال تربیت کی مدت مکمل ہونے پر امیدوار کو دس ہزار تا پندرہ ہزار روپئے ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے ۔ تجربہ اور صلاحیت کی بنیاد پر امیدوار ترقی کرسکتا ہے اور منیجر کے عہدے تک پہنچ سکتا ہے۔ اچھی کمپنیوں اور فائیو اسٹار و سیون اسٹار ہوٹلوں میں ایک منیجر ایک تا دیڑھ لاکھ ماہانہ تنخواہ حاصل کرسکتا ہے۔
دوران ملازمت قابلیت میں اضافہ : ویسے تو اس کورس کے دوران امیدوار کو مناسب تربیت دی جاتی ہے لیکن ڈپلوما کرنے والے امیدوار کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اگر وہ اس شعبے میں ترقی کرنا چاہتے ہیں تو انھیں اپنی زباندانی کی مہارت بہتر کرنی ہوگی، ملازمت کے ساتھ اپنی تعلیمی قابلیت میں اضافہ ان کی ترقی کا سبب ہوگا۔ بہتر ہے کہ ڈپلوما کرنے کے بعد امیدوار دوران ملازمت فاصلاتی طرز پر یا پارٹ ٹائم اپنی ڈگری (گریجویشن) مکمل کریں۔ ایک ڈگری یافتہ کے لیے بہتر ہے کہ وہ دوران ملازمت پوسٹ گریجویشن (ماسٹر ڈگری) حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ اس شعبے میں بیرون ملک بھی ملازمت کا کافی اسکوپ ہے اس لیے امیدوار دیگر عالمی زبانیں جیسے عربی، چینی، فرانسیسی، جرمن وغیرہ سیکھ کر بیرون ملک کمپنیوں میں بھی بہتر ملازمت حاصل کرسکتا ہے۔ مزید جس شعبے میں ملازمت کررہے ہیں اس کمپنی یا انڈسٹری سے متعلق چھ مہینے یا ایک سال کے ڈپلوما و ایڈوانس ڈپلوما کورسیس امیدوار کی ترقی میں معاون ثابت ہوتے ہیں ۔ مثال کے طور پر اگر آپ کیٹرنگ ڈپارٹمنٹ میں ہیں تو کیٹرنگ کے کچھ مخصوص کورسیس فائدہ مند ہوں گے۔ ائیر اور ریلوے ٹورزم میں اس شعبے سے متعلق سرٹیفکیٹ یا ڈپلوما کورسیس کام آئیں گے۔
بھارت میں داخلہ کا طریتہ کار اور ادارے : ہوٹل منیجمنٹ ، ہاسپیٹالیٹی و ٹورزم منیجمنٹ کورسیس بھارت میں تقریباً ہر چھوٹے بڑے شہرکے مختلف کالیجیز میں جاری ہیں۔ ایک طالب علم اگر ڈپلوما کرنا چاہے تو بارہویں کے بعد تین برسوں پر مشتمل ڈپلوما کورس کرسکتا ہے۔ اگر ڈگری (گریجویشن) کرنا چاہے تو بارہویں کے بعد اہلیتی امتحان (انٹرنس امتحان) کی بنیاد پر چار سالہ ڈگری کورس میں داخلہ لے سکتا ہے۔ ڈپلوما مکمل کرنے کے بعد ڈگری میں داخلہ مل سکتا ہے۔ کچھ کالیجیز ڈپلوما کامیاب طلبہ کو ڈگری کے دوسرے سال میں بھی داخلہ دیتے ہیں۔ ڈگری مکمل کرنے کے بعد پوسٹ گریجویشن(ماسٹرس) کیا جاسکتا ہے مزید اس شعبے میں ڈاکٹریٹ(پی ایچ ڈی) بھی کی جاسکتی ہے۔
چند اہم ادارے
بھارت میں کئی اداروں اور یونیورسٹیوں کے تحت ڈپلوما ، گریجویشن ، پوسٹ گریجویشن اور ڈاکٹریٹ کے کورسیس جاری ہیں۔ اس میں سے چند اہم درج ذیل ہیں۔ (۱)اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (اگنو) بارہویں کے بعد تین سال پر مشتمل بیچلر آف سائنس( ہاسپیٹالیٹی اینڈ ہوٹل منیجمنٹ ) کورس جو نیشنل کونسل فار ہوٹل منیجمنٹ اینڈ کیٹرنگ ٹیکنالوجی (این ایچ سی ایچ ایم ایچ ٹی) کے اشتراک سے جاری ہے۔ www.ignou.ac.in (۲)نیشنل کونسل فار ہوٹل منیجمنٹ اینڈ کیٹرنگ ٹیکنالوجی ، نئی دہلی میں دو سال پر مشتمل پوسٹ گریجویٹ کورس ان ایم ایس سی ( ہاسپیٹالیٹی اینڈ ہوٹل منیجمنٹ ) کیا جاسکتا ہے۔www.nchmct.org (۳)برلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، رانچی میں دو سال پر مشتمل پوسٹ گریجویشن، رائے پور(چھتیس گڑھ)، گروگرام(ہریانہ) میں تین سال کا ڈپلوما اور ممبئی میں یشونت رائو چوہان مہاراشٹر اوپن یونیورسٹی کے اشتراک سے دو سال کا پوسٹ گریجویشن کورس جاری ہے۔www.chat.edu.in (۴)درگا پور سوسائٹی فار منیجمنٹ اسٹڈیز، ویسٹ بنگال میں تین سالہ بیچلر ان ہاسپیٹالیٹی منیجمنٹ کورس کیا جاسکتا ہے۔www.dsmsindia.org (۵)انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل اینڈ ٹورزم منیجمنٹ ، ایلفنسٹن کالج، ممبئی میں ہاسپیٹل اینڈ ٹورزم منیجمنٹ میں دو سال کا ڈپلوما کارس جاری ہے۔www.ihtm.in (۶)ائیر ہاسٹیس اکیڈمی، نئی دہلی میں ایک سال کا ڈپلوما ان ایویشن اینڈ ہاسپیٹالیٹی منیجمنٹ کورس جاری ہے۔www.airhostessacademy.com (۷)انسٹی ٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ ، ممبئی میں تین سال پر مشتمل بیچلر ان انٹرنیشنل ہاسپیٹالیٹی منیجمنٹ اور دو سال پر مشتمل ڈپلوما ان ہاسپیٹالیٹی اینڈ کیٹرنگ آپریشنس کیا جاسکتا ہے۔www.itm.edu (۸)رضوی کالج آف ہوٹل منیجمنٹ ،ممبئی میں تین سالہ بی ایس سی (ہوٹل منیجمنٹ ) کیا جاسکتاہے۔http://rizvihmct.com/ (۹) انجمن اسلام انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل منیجمنٹ اینڈ کیٹرنگ ٹیکنالوجی ، ممبئی میں تین سالہ بی ایس سی (ہوٹل اینڈ کیٹرنگ ٹیکنالوجی) جو یشونت رائو چوہان مہاراشٹر اوپن یونیورسٹی سے ملحق ہے جاری ہے۔ http://www.anjumanihmct.org/۔ ان اداروں کے علاوہ بھی ملک کی مختلف ریاستوں اور شہروں میں یہ کورسیس جاری ہیں۔
فیس
ان کورسیس کی فیس طے نہیں ہے، چونکہ زیادہ تر ادارے نجی ہیں اور مختلف یونیورسٹیز سے الحاق کرکے ادارے یہ کورسیس چلاتے ہیں اس لیے ان کی فیس ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے۔ عموماً ڈپلوما کورسیس کی فیس تین سال کے لیے دیڑھ لاکھ سے دو لاکھ کے درمیان ہوتی ہے۔ جبکہ بیچلر ڈگری کی فیس سالانہ تقریباً پچاس ہزار سے ایک لاکھ کے درمیان ہوتی ہے۔
اہم داخلہ امتحانات
عام طور پر ان کورسیس کے نام ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔ کچھ ادارے ڈپلوما اور ڈگری کے لیے داخلہ امتحانات منعقد کرتے ہیں کچھ جگہوں پر راست داخلہ بھی ہوجا تاہے چند اہم داخلہ امتحانات درج ذیل ہیں۔ (۱) نیشنل کائونسل فار ہوٹل منیجمنٹ اینڈ کیٹرنگ ٹیکنالوجی جوائنٹ انٹرنس امتحان (NCHMCT JEE) (۲)مہاراشٹر ہوٹل منیجمنٹ کامن انٹرنس ٹیسٹ (MH HM CET) (۳)انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل منیجمنٹ (IIHM eCHAT) (۴)کرائسٹ یونیورسٹی انٹرنس ٹیسٹ (۵)انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل منیجمنٹ اورنگ آباد انٹرنس امتحان (۶)اوبیرائے STEPوغیرہ۔
رابطہ ۔9970809093
mominfahim@rediffmailcom