عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
ممبئی //بھارت کے سٹار کھلاڑی وراٹ کوہلی نے ون ڈے کیریٔر میں اپنی 50ویں سنچری مکمل کر لی ہے جس کے ساتھ ہی سابق کھلاڑی سچن تندولکر کا ون ڈے کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔وراٹ کوہلی نے بدھ کو ممبئی کے وانکھڈے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی 50 ویں سینچری سکور کی۔یہ وراٹ کوہلی کی اس ورلڈ کپ میں تیسری سنچری تھی جبکہ مجموعی طور پر انہوں نے تینوں فارمیٹس میں 80 سنچریاں بنا لی ہیں۔کنگ کوہلی کے نام سے جانے والے نئے عہد کے اس عظیم کھلاڑی نے یہ سنگ میل نیوزی لینڈ کے خلاف ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 106 گیندوں پر عبور کیا۔وراٹ کوہلی نے اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ون ڈے کیریٔر کی 49 ویں سنچری بنا کر سچن تندولکر کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔اس اننگز کے ساتھ وراٹ کوہلی نے سچن تندولکر کا کسی بھی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔سچن تندولکر نے 2003 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں 673ریکارڈ رنز بنائے تھے جسے کوہلی نے 20برسوں بعد توڑ دیا ہے۔