پونچھ// تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور دیگر مطالبات پر رہبر تعلیم اساتذہ نے پونچھ میں احتجاجی دھرنا دیا ۔ انہوں نے حکومت کے ان بیانات کی مذمت کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایس ایس اے کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کی تنخواہیں سٹریم لائین نہیں ہو سکتی۔رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کے ریاستی نائب چیئرمین نجم جعفری کی قیادت میں ضلع کی تمام تحصیلوں سے اساتذہ نے چیف ایجو کیشن افسر کے دفتر کے باہر جمع ہو کر حکومت مخالف نعرے بازی کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ حکومت ایک جانب تعلیمی اصلاحات کی بات کرتی ہے اور دوسری جانب ہزاروں اساتذہ کو وقت پر تنخواہیں نہ دے کر پریشان کیاجارہاہے۔ان کاکہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کا اسطرح روز روز احتجاج کرنا بچوں کی تعلیم کو متاثر کرتا ہے لیکن ان کو ایسا کرنے پرمجبور کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ آر ای ٹی اساتذہ کوبھی دیگر ملازمین کی طرح سہولیات فراہم کی جائیں۔احتجاج کے دوران اساتذہ نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پرمطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔اساتذہ نے چیف ایجوکیشن افسر پونچھ کو ایک تحریری میمورینڈم بھی پیش کیا ۔یہ احتجاج کئی گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد چیف ایجوکیشن افسر نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تمام مطالبات اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لاکرحل کروائے جائیں گے جس کے بعد اساتذہ نے اپنا احتجاج اس شرط پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا کہ مطالبات پورے نہ ہونے پر وہ ریاست گیر احتجاج شروع کریںگے ۔احتجاج میں ضلع صدر شاہنواز کاظمی،علی مرتضیٰ ، یوسف شاہ، بدر الدین، نیاز کرمانی ، منظور خان، فاروق چوہدری، شمیم الحسن،الطاف چوہان، سجاد کرمانی، شبیر خواجہ، خالد کاظمی، خورشید کاظمی، امرت پال سنگھ، خواجہ جلیل وغیرہ بھی موجو دتھے ۔