عظمیٰ نیوز سروس
حیدرآباد// تلنگانہ اور آندھرا پردیش اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں سورج کی تپش انسانوں کے لیے جان لیوا ثابت ہورہی ہے۔ تلنگانہ میں صرف ایک دن کے دوران 22 افراد کی موت نے صورتحال کی سنگینی واضح کردی ہے جبکہ آندھرا پردیش میں 300 سے زائد افراد ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ریاست تلنگانہ میں درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے اور کئی اضلاع میں زمین آگ اگلتی محسوس ہورہی ہے۔ شدید گرمی اور لو کے باعث سب سے زیادہ متاثر وہ لوگ ہورہے ہیں جو روزگار کے سلسلے میں کھلے ماحول میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔ کسان، مزدور، اناج مراکز کے کارکن، رکشہ چلانے والے اور بزرگ افراد شدید موسمی حالات کا مقابلہ نہ کرسکے۔ورنگل کے سابقہ اضلاع میں صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک رہی جہاں متعدد افراد کی اموات رپورٹ ہوئیں۔ محبوب آباد ضلع کی ایک بزرگ خاتون، خاتون کسان اور کئی دیہی علاقوں کے افراد گرمی کی شدت برداشت نہ کرسکے۔ سوریا پیٹ ضلع میں ایک 17 سالہ طالب علم کی موت نے عوام کو مزید خوفزدہ کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ کئی مقامات پر درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ گرم ہواؤں کے باعث جسم میں پانی کی کمی، چکر آنا، بے ہوشی اور ہیٹ اسٹروک کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ بچوں، حاملہ خواتین اور بزرگ افراد کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کو تیز بخار، سانس لینے میں دشواری، شدید کمزوری یا بے ہوشی محسوس ہو تو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے۔حکومت نے مختلف اضلاع میں طبی مراکز کو الرٹ کردیا ہے جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ٹھنڈی اشیا استعمال کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں تاکہ ہیٹ ویو کے خطرناک اثرات سے محفوظ رہا جاسکے۔ادھرمحکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعہ کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ چھ سے سات دنوں کے دوران شمال مغربی، وسطی، مشرقی اور جزیرہ نما بھارت کے بڑے حصوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو (Heatwave) کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے بعض علاقوں میں 22 مئی سے 28 مئی تک ہیٹ ویو کی صورتحال رہ سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ مشرقی اتر پردیش اور مشرقی مدھیہ پردیش میں اسی عرصے کے دوران شدید ہیٹ ویو کا امکان ہے۔ پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی کے کچھ حصوں میں بھی 22 مئی سے 28 مئی کے درمیان شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے، جبکہ 24 مئی سے 27 مئی کے دوران بعض علاقوں میں انتہائی شدید ہیٹ ویو ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان میں 22 سے 28 مئی تک ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ مغربی راجستھان میں 24 مئی سے شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دیگر جن علاقوں میں مختلف دنوں میں ہیٹ ویو یا شدید ہیٹ ویو کا امکان ہے ان میں ودربھ، آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اڈیشہ، تلنگانہ، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ شامل ہیں۔آئی ایم ڈی نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ 22 سے 24 مئی کے دوران اتر پردیش اور ودربھ کے کچھ علاقوں میں گرم راتوں (Warm Night) کا امکان ہے، اڈیشہ میں یہ صورتحال 26 مئی تک برقرار رہ سکتی ہے، جبکہ تلنگانہ میں 22 اور 23 مئی کو گرم راتیں متوقع ہیں.