نئی دہلی// ترنمول کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ کے ایک وفد نے پیر کو یہاں وزارت داخلہ کے باہر تریپورہ میں سیاسی تشدد کے واقعات اور مبینہ پولیس بربریت اور ترنمول نوجوان لیڈر سیانی گھوش کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔ترنمول کے اراکین پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف نعرے لگائے اور مسٹر شاہ سے ملاقات کا وقت مانگا۔
امیت شاہ کی واقعہ کی نوٹس لینے کی یقین دہانی
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ترنمول کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ کے وفد کو تریپورہ میں سیاسی تشدد کے واقعات کا نوٹس لینے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ترنمول ممبران پارلیمنٹ کے ایک وفد نے پیر کو مسٹر شاہ سے تریپورہ میں سیاسی تشدد اور ترنمول کے نوجوان لیڈر سیانی گھوش کی گرفتاری کے معاملے پر ملاقات کی اور اس کا نوٹس لینے کے لئے انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا۔
سپریم کورٹ میں سماعت آج
نئی دہلی//سپریم کورٹ نے پیر کو کہا کہ وہ آل انڈیا ترنمول کانگریس کی توہین عدالت کی عرضی پر منگل کو سماعت کرے گی۔ترنمول کانگریس نے تری پورہ میں اپنے کارکنوں کو تشدد سے بچانے اور ریاستی حکومت کو مناسب سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک عرضی دائر کی ہے ۔جسٹس چندر چوڑ نے کہا کہ بنچ 25 نومبر کو اس معاملے کی سماعت کرے گی، لیکن درخواست گزار کے وکیل نے پھر استدعا کی کہ انتخابات 25 نومبر کو ہیں اور ریاست میں تشدد کی صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے ۔