کپوارہ ضلع میں2798سولر سٹریٹ لائٹس نصب:ستیش شرما
کپواڑہ//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ستیش شرما نے حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے تسلسل میں کل وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ ضلع اِنتظامی کمپلیکس کپواڑہ میں ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ منعقد کی جس میں مختلف محکموں کی پیش رفت اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر کو بتایا گیا کہ ضلع میں این ایف ایس اے این ۔ این ایف ایس اے زُمروں کے تحت مجموعی طور پر 6,67,755 مستفیدین رجسٹرڈ ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ بومہامہ میں واقع مرکزی ڈیپو میں اس وقت 267.81 میٹرک ٹن چاول موجود ہیں۔ ضلع میں 496 سیل سینٹرز/فیئر پرائس شاپس قائم ہیں۔ کرناہ، مژھل ، کیرن، بڈنمل، جمگنڈ اور کمکڈی سمیت سرحدی اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں چاول، آٹا اور چینی کے وافر ذخائر پہلے ہی پہنچا دئیے گئے ہیں، جنہیں 170 مراکز کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ محکمہ کے جائزے کے دوران بتایا گیا کہ جاری مالی برس 2025-26 کے دوران فیس، ٹیکس، فٹنس اور مسافر ٹیکس کے ذریعے 15.91 کروڑ روپے وصول کئے گئے ہیں۔ اِس کے علاوہ رواں برس کے دوران روڈ ایکسیڈنٹ وکٹم فنڈ کے تحت 5 لاکھ روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔وزیر ٹرانسپورٹ نے عوامی نمائندوں کے مطالبے پر اعلان کیا کہ ضلع کی تمام اسمبلی حلقوں کو سرکاری بسیں فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام کے روزانہ سفر میں آسانی ہو۔میٹنگ میں سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کے حوالے سے بتایا گیا کہ اَب تک 398 عمارتوں کو سولرائز کیا جا چکا ہے اور 17 عمارتوں میں سمارٹ میٹر نصب کئے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ مالی برس 2024-25 کے دوران 2,798 سولر سٹریٹ لائٹس نصب کی گئیں جبکہ موجودہ مالی برس میں مزید 344 لائٹس نصب کرنے کی تجویز ہے۔ ضلع میں 13 سولر ایگر ی کلچر پمپ الاٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 10 پہلے ہی لگائے جا چکے ہیں۔ وزیرموصوف نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ضلع کے تمام درگاہوںاور سٹیڈیموں میں بھی سولر لائٹس نصب کی جائیں۔ اِس دوران ضلع کے تمام 6 حلقوں کو موقعہ پر ہی مختلف سولر لائٹس جاری کی گئیں۔وزیر موصوف نے منصوبہ بندی کے عمل پر بات کرتے ہوئے تمام اَفسران کو ہدایت دی کہ مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے منصوبے تیار کرتے وقت متعلقہ اراکین اسمبلی کے ساتھ مکمل تال میل یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے عوام دوست اور علاقہ جاتی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کو سراہا جس سے عوامی فلاح و بہبود کو فروغ ملے گا۔ بعد ازاں، وزیر نے وزیر اعلیٰ کے مشیر کے ہمراہ ایک فیلڈ وِزٹ کیا جس دوران اُنہوں نے ہائیر سیکنڈری سکول کپواڑہ کے کھیل میدان اور سپورٹس سٹیڈیم گلیزو کا معائینہ کیا۔ اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی کپوارہ بھی موجود تھے۔