ترال// ڈپٹی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری کی صدارت میں یوم بلاک کے سلسلے میںٹائون ہال ترال میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں تقریباً تمام سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔تقریب میں مختلف پنچائتوں کے نمائندوں اور عام لوگوں نے اپنے اپنے مسائل اور مشکلات ڈپٹی کمشنر کی نوٹس میں لائے۔ ڈپٹی کمشنر نے بیشتر شکایات کو موقع پر ہی حل کرنے کے احکامات صادر کئے تاکہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ دیگر مسائل کے بارے میں افسران کو حل کرنے کیلئے احکامات جاری کئے۔انہوں نے پنچائت ممبران اور افسران سے تاکید کی کہ وہ تعمیر و ترقی کے حوالے سے پنچائیت کا تعمیر و ترقی کا منصوبہ تمام عوامی ضروریات کو مد نظر رکھ کربہتر انداز میں ہی بنائیں ۔بصیر الحق چودھری نے عوام سے تمام ایس او پیز جس میں ماسک اورسماجی دوری وغیرہ شامل ہیں ،پرعمل کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ جرمانہ سے ہمیں ریو نیو حاصل نہیں کر نا ہے بلکہ ہماری کوشش ہے کہ لوگ محفوظ رہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میںمرکزی فلاحی اسکیموں کو صد فیصد زمین پر لاگو کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں ۔ کورونا وائرس کے حوالے سے انہوں نے بتایاکہ ضلع میں450بیڈ موجود ہیں اور ضرورت پڑنے پر ضلع ہسپتال پلوامہ میں استعمال میں لایا جا سکتا ہے ۔ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ،محکمہ پی ڈی ڈی کے ایگزیکٹو انجینئر الطاف احمد شاہ ،تحصیلدرا ترال،آری پل،بی ڈی او اور دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔