بانہال // تحصیل کھڑی کے درجنوں دیہی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے صارفین تنگ آئے ہیں اورہر ماہ باقاعدگی سے ماہانہ بجلی کی بلیں ادا کرنے کے باوجود بھی بجلی کی فراہمی محکمہ کی من مرضی سے کی جاتی ہے۔ ضلع رام بن میں تحصیل کھڑی کے مہوْ۔ منگت ، ولو ،آڑپنچلہ ، ترنہ ،کاونہ ، ترگام ، بزلہ ، ترنہ ، باوا اور آڑمرگ وغیرہ میں صارفین بجلی محکمہ کی عدم توجہی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں اور ان دور افتادہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی محکمہ بجلی کے سب ڈویژن بانہال کے افسروں اور فیلڈ عملہ کی من مرضی سے کی جاتی ہے۔ اس تحصیل کے قرب وجوار اور پہاڑوں پر آباد ہزارواں صارفین بجلی ، برقی لائینوں سے جڑے ہونے کے باوجود بھی کئی روز تک بجلی سپلائی سے محروم ہوتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہی کہ اِن علاقوں میں محکمہ بجلی کی طرف سے جاری کئے گئے بجلی کے شیڈول کبھی بھی عملائے نہیں گئے ہیں اور کھڑی کے علاقوں میں بجلی کی سپلائی بار بار منقطع رہتی ہے اور کھڑی کے اوپری علاقوں خاصکر مہو۔ منگت اور ترگام کے درجنوں دیہات کئی کئی رروز تک گھپ اندھیروں میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھڑی کے وسیع علاقے کا بجلی ڈھانچہ چند ایک لائین مینوں کے ذمہ ہے اور جونئر انجینئر اور دیگر افسران کبھی کبھار ہی ان علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کی طرف سے بلاناغہ بجلی کی بلیں ماہانہ بنیادوں پر بھیجی جاتی ہیں اور بجلی بلوں کی وصولی میں کوئی نرمی بھی بھرتی نہیں جاتی ہے اور بجلی کے بغیر ہی صارفین سے بجلی فیس لی جا رہی ہے۔اس سلسلے میں بات کرنے پر اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ بجلی سب ڈویژن بانہال راجیش پانڈو نے کشمیر عظم کو بتایا کہ علاقے میں صرف آٹھ گھنٹوں کی بجلی کٹوٹی رہتی ہے اور موسم کی خرابی اور شاہراہ کی کشادگی کی وجہ سے کبھی کبھار اچانک فالٹ آنے اور پتھر اور پسی گرنے کی وجہ سے پچھلے کئی روز کے دوران بجلی بند رہی۔ انہوں نے کہا کہ گول اور سنگلدان کو رام بن گرڈ سٹیشن سے جوڑنے کی وجہ سے گرڈ سٹیشن اور لوڈ ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے کبھی کبھار بجلی وقفے وقفے سے کئی علاقوں میں بجلی بند کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رامسو شیر بی بی کھڑی ا ور مہو منگت کے علاقے ایک ہی فیڈر سے رامسو گرڈ سٹیشن سے جڑے ہیں اور اس طویل برقی لائین اور سب سٹیشنوں کو دیکھنے کیلئے چار لائین مین تعینات ہیں جن میں سے دو لائین مین کام انجام دینے کے دوران اپاہج ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رامسو اور شیربی بی کے درمیان ایک لائین مین جبکہ ناچلانہ ، کھڑی اور مہو منگت جیسے دور افتادہ علاقے کی دیکھ ریکھ کیلئے تین لائین مین تعینات ہیں جن میں سے دو اپاہج ہوگئے ہیں اور وہ اسی حال میں اپنا فرض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم کے دوران فالٹ آنے کے بعد فالٹ کو ڈھونڈنے میں کئی کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں ،جس کی وجہ سے کھڑی اور مہو منگت کے علاوہ پوگل پرستان اور اکڑال کے علاقوں میں بجلی متاثر ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورلین شاہراہ کی تعمیر کی وجہ سے ملبہ ڈالنے اور پسیاں اور پتھر گرآنے کی وجہ سے ماضی میں کئی بار بجلی کی سپلائی کئی کئی گھنٹوں تک منقطع رہی ہے اور کبھی کبھار فورلین شاہراہ کے کنارے ملبہ ڈالنے کی وجہ سے بجلی کو بند رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک شکایت بھی فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنی ہندوستان کنسٹریکشن کمپنی کے حکام کے ساتھ درج کی ہے تاکہ بجلی کو متاثر ہونے نہ دیا جائے۔