ًغزہ//یو این آئی//اسرائیل اور فلسطینی گروپوں کے بیچ فائر بندی سے غزہ پٹی کی تعمیر نو کے معاملے پر توجہ دینے کا موقع ملا ہے ۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے لیے 50 کروڑ ڈالر پیش کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ابھی دیگر عرب ممالک کا تعمیرنو کے سلسلے میں امداد کا اعلان آنا باقی ہے ۔ واضح رہے کہ عالمی بینک، یورپی یونین اور بعض عرب ممالک غزہ پٹی کی تعمیر نو کے سلسلے میں قاہرہ کے نقش قدم پر چلیں گے ۔غزہ پٹی میں ہونے والے مادی نقصانات کے حوالے سے ابھی تک درست اعداد و شمار سامنے نہیں آئے ہیں۔ تاہم غزہ میں ہاؤسنگ کی وزارت کا کہنا ہے کہ 11 روز کے اندر 16800 رہائشی یونٹوں کو نقصان پہنچا۔ ان میں 1800 یونٹ رہائش کے قابل نہیں ہیں جب کہ 1000 یونٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔غزہ پٹی میں بجلی کی تقسیم کے اسٹیشن کے ترجمان محمد ثابت کے مطابق اسرائیلی آپریشن شروع ہونے سے آبادی کو 12 گھنٹے بجلی مل رہی تھی جب کہ اب یہ دورانیہ 3 سے 4 گھنٹے ہو گیا ہے ۔غزہ میں وزارت زراعت کے اندازے کے مطابق اسرائیلی حملوں اور بم باری کے نتیجے میں گرین ہاؤسز، کاشت کاری کی اراضی اور پولٹری فارموں کو پہنچنے والے نقصان کا حجم تقریبا 2.7 کروڑ ڈالر ہے ۔