پونچھ//ممبراسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی قیادت میں ڈاک بنگلہ پونچھ کے کانفرنس ہال میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں پارٹی کارکنان اور سینئر لیڈران نے کثیر تعدادمیںشرکت کی۔اجلاس کے دوران جہاں پارٹی کارکنان نے اپنے مسائل ممبر اسمبلی کے سامنے رکھے وہی انہوں نے عوام کو درپیش مسائل سے بھی انہیں روشناس کیا۔انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر ماہ مبارک رمضان کے دوران ضلع پونچھ میں بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام پریشان حال ہیں۔پارٹی کارکنان نے ایم ایل اے موصوف کو بتایا کہ ماہ رمضان سے قبل ہی پونچھ کی عوام نے انتظامیہ سے اپیل کی تھی کہ وہ کم از کم ماہ مبار ک کے دوران انہیں افطاری سحری اور تراویح ادا کرنے کے اوقات میں ان کو معقول بجلی فراہم کرے لیکن افسوس کہ عین انہی اوقات میں بجلی گل کر دی جاتی ہے۔تمام کارکنان کو بغور سننے کے بعد ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ حویلی شاہ محمد تانترے نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ضلع افسران سے اس حوالے سے بات کر کے عوام کو یہ اہم سہولیات فراہم کروائیں گے۔اس دوران انہوں نے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ہر سہولت فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔انہوں نے تعمیراتی کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ریاست میں تاریخ ساز کام ہو رہے ہیں جو ریاست کا نقشہ ہی بدل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جن منصوبوں کو ریاست میں شروع کیا گیاہے، ان کومکمل ہونے میں تھوڑا وقت ضرور لگے گا لیکن منصوبے مکمل ہو جائیں تو ان سے ریاست جموں وکشمیر کی ترقی ہوگی۔موصوف نے کہا کہ پونچھ ضلع کی طرف ان کی حکومت پوری طرح متوجہ ہے اور جلد ہی یہاں کئی منصوبے شروع کئے جائیں گے ۔اجلاس میں ضلع صدر شمیم احمد ڈار، بشیر احمد خاکی، شہزاد خان اور دیگرکارکنان بھی موجودتھے۔