ایجنسیز
میامی، فلوریڈا/میجر لیگ ساکرز (ایم ایل ایس) میں اتوار کی شب ایک ایسا سنسنی خیز مقابلہ دیکھا گیا جو ریکارڈ بک میں تو درج ہو گیا، مگر ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کی انجری نے انٹر میامی کی خوشیوں کو دھندلا دیا۔ میسی میچ کے 73ویں منٹ میں بائیں ران کی تکلیف کے باعث میدان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ۔انٹر میامی نے فلاڈیلفیا یونین کو 6-4 سے شکست دے کر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی۔ یہ میچ کئی لحاظ سے تاریخی رہا۔
دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں 4-4 گولز داغے ، جو ایم ایل ایس کی تاریخ میں کسی بھی ہاف میں سب سے زیادہ گولز کا نیا ریکارڈ ہے ۔میچ میں ہونے والے کل 10 گولز لیگ کی تاریخ میں کسی ایک میچ میں دوسرے سب سے زیادہ گولز ہیں۔لیگ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع تھا جب ایک ہی میچ میں دو مختلف کھلاڑیوں نے ہیٹ ٹرک کی۔ انٹر میامی کی جانب سے لوئس سواریز نے تین گول کیے ، جبکہ فلاڈیلفیا کے میلان ایلسکی نے پہلے ہاف میں ہیٹ ٹرک مکمل کی۔میچ کے دوران میسی بائیں ران کو پکڑتے ہوئے دیکھے گئے اور تقریباً ایک منٹ تک سست روی سے چلنے کے بعد انہوں نے متبادل کھلاڑی (سلویٹی) کی درخواست کی۔ وہ براہِ راست لاکر روم میں چلے گئے ، جس سے فٹ بال ورلڈ کپ 2026 سے قبل ارجنٹائن کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے باعث اب لیگ میں دو ماہ کا وقفہ شروع ہو رہا ہے ۔لوئس سواریز نے 81ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کر کے ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔روڈریگو ڈی پال نے اپنی 32ویں سالگرہ کا جشن انجری ٹائم میں چھٹا گول کر کے منایا۔جرمن برٹیرام نے میسی کے پاس پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دو گولز کیے ۔انٹر میامی اب 31 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر مستحکم پوزیشن میں ہے ، جبکہ فلاڈیلفیا یونین کی مسلسل ناکامیوں کا سلسلہ آٹھ میچوں تک دراز ہو گیا ہے ۔