راجوری // نیشنل کانفرنس راجوری اکائی نے حال ہی میں انتظامیہ کی کارروائی سے بے گھر ہونے والے بیلہ کالونی کے لوگوں کی بازآبادکاری پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ ایمپلائمنٹ دفتر کو ضلع صدر مقام پر ہی بنایاجائے ۔ڈاک بنگلہ راجوری میں ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے این سی کارکنان نے کہاکہ راجوری کے لوگوںکو کئی طرح کے مسائل کاسامناہے لیکن حکومت ان کی طرف کوئی دھیان نہیں دے رہی ۔ انہوںنے کہاکہ بیروزگاری بڑھتی جارہی ہے اور مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے مگر حکومت کو ٹس سے مس نہیں ۔انہوںنے کہاکہ غریب عوام کو دووقت کی روٹی کیلئے پریشان ہوناپڑرہاہے لیکن وزراء کو پرواہ نہیں ۔پارٹی کے ضلع صدرشفاعت خان نے کہا کہ ضلع انتظامیہ راجوری نے بیلہ کالونی کے غریب کنبوں کو سردی کے ایام میں بے گھر کردیا تھا جنہیں دس مرلے کا پلاٹ دینے کا وعدہ کیا گیا تاہم اب تک وہ وعدہ پورا نہیںہوا۔ انہوںنے کہاکہ بازآبادکاری صرف بیانات تک ہی محدودنہ رکھی جائے بلکہ عملی سطح پر اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس معاملے میں پیش رفت کرتے ہوئے بیلہ کالونی کے متاثرین کو راحت پہنچائی جائے ۔این سی کارکنان کاکہناتھاکہ ایمپلائمنٹ دفتر کو ضلع صدر مقام پر ہی قائم کیاجائے اور اسے کسی دوسری جگہ منتقل نہ کیاجائے ۔اس موقعہ پرشفقت میر ، ایڈووکیٹ زکی ، تصدق وغیرہ بھی موجود تھے ۔