عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر پولیس کی کاؤنٹر انٹیلی جنس ونگ(سی آئی کے)کی ٹیموں نے جمعرات کی صبح کشمیر وادی میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ حکام نے کہاکہ کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (CIK) کی طرف سے وادی کے 3 اضلاع شوپیان،سری نگر اور گاندربل میں10 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔انہوں نے کہا کہ تلاشیوں کو مجاز عدالت کی طرف سے جاری کردہ تلاشی وارنٹ کی حمایت حاصل ہے جو حال ہی میں کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (CIK) کے پولیس اسٹیشن میں درج دہشت گردی کی تحقیقات کے ایک تازہ کیس میں ہے۔عہدیداروں نے کہاکہ کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (CIK) کی تحقیقات ملی ٹینٹ کے ایک ماڈیول کی ہے جس کی ہدایت کاری شبیر احمد لون کرتا ہے، جو بنگلہ دیش میں مقیم کشمیر سے تعلق رکھنے والا لشکر طیبہ کا آپریٹر ہے۔
شبیر احمدلون کا تعلق وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے کنگن علاقے سے ہے اور وہ اس وقت بنگلہ دیش سے کام کر رہا ہے۔حکام نے کہاکہ تفتیش ایک بین الاقوامی ملی ٹینٹ کے ماڈیول کیس میں ہے جس کا تعلق پاکستان میں قائم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) سے ہے، کیونکہ ماڈیول کو مبینہ طور پر بنگلہ دیش اور پاکستان میں مقیم لشکر طیبہ کے ہینڈلرز سے ہدایات مل رہی تھیں۔اس دوران ذرائع نے بتایاکہ تلاشی کارروائیوں کے دوران مشتبہ مقامات کی باریک بینی سے جانچ کی گئی، تاہم فوری طور پر کسی گرفتاری یا ضبطی کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ کاؤنٹر انٹیلی جنس ونگ کشمیر کی جانب ابھی تک کوئی تفصیلی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز بھی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے 2024 میں درج ایک کیس کے سلسلے میں سرینگر کے ایک رہائشی کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی کارروائی بھی انجام دی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی ایک ٹیم نے نیم فوجی دستے اور جموں کشمیر پولیس کے ہمراہ سرینگر کے مہجور نگر کے گلشن آباد علاقے میں چھاپے مارے اور تلاشی کارروائی انجام دی۔