منڈی// تحصیل منڈی کے علاقہ ڈنوگام کی عوام نے چندہ کر کے بیدار تا ڈنوگام سڑک کا کام شروع کیا۔بیدار ڈنوگام سڑک کا تعمیری کام ریاستی سرکار نے سات سال قبل شروع کیا تھا جو اتنا طویل عرصہ گزرجانے کے باوجود بھی مکمل نہ ہو سکاہے۔ 2011میں محکمہ پی ایم جی ایس وئی نے اس چار کلو میٹر سڑک کا کام شروع کیا اور 2014 تک محض تین کلو میٹر کی تعمیر ہوئی جس کے بعد بچے ہوئے حصہ کی تعمیر ابھی تک کی گئی ہے ۔جمعرات کو گائوں کے لوگوں نے چندہ کر کے سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا۔مقامی لوگوںنے بتایا کہ محکمہ کوسڑک کی تعمیر 2014میں مکمل کرنی تھی مگر نامعلوم وجوہات کی بنا پراسے لٹکادیاگیااور پھر اس کاکام دوبارہ شروع ہی نہیں کیاگیا۔سابق سرپنچ ڈنوگام محمد بشیر نائیک نے کہا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وئی نے 2011میںاس چار کلو میٹر سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر کے زمین کی کٹائی کی اور اس کے اردگرد ڈنگے وغیرہ بھی باندھے مگر اس کے بعد سڑک پر کسی بھی قسم کا کوئی کام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر کے حوالے سے متعلقہ محکمہ سے کافی دفعہ کہابھی گیا مگر افسران کے کانوں پر جوں تک نہیںرینگتی ۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے گاوں کے لوگوں نے منڈی میں احتجاج بھی کیا اور احتجاج کے دوران افسران نے لوگوں کو یقین دہانی دلایاتھاکہ جلد ہی سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گالیکن طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود اس یقین دہانی پر عمل نہیںہوا۔انہوں نے کہا کہ گائوں کی آبادی تین ہزار سے زائدہے جو آج بھی پیدل چلنے پر مجبور ہے اور سب سے زیادہ مشکل تب پیش آتی ہے جب کوئی شخص بیمار ہوجائے اوراسے ہسپتال منتقل کرنے کی ضرور ت ہو ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ اس سڑک کی تعمیر کاکام شروع کرکے پایہ تکمیل پہنچایاجائے۔