جموں //گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے جے کے گورنرس گریونس سیل کے تحت ایک عوامی رابطہ پروگرام کے دوران لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ اس کیمپ کے دوران 33 وفود جن میں 265 افراد شامل تھے، کے علاوہ انفرادی سطح پر 31 لوگوں نے مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے مطالبات اُن کے سامنے رکھے ۔ کنفڈریشن آف انڈین انڈسٹری نے بادام گری پر جی ایس ٹی کی شرح 12 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کرنے ، لکھن پور میں سامان سے بھری گاڑیوں کی جلد از جلد کلیرنس کرنے اور کئی دیگر معاملات مشیر کے سامنے رکھے ۔ اسی طرح لیڈ ری سائیکلنگ انڈسٹریز جے اینڈ کے وفد نے بھی اپنے مطالبات سامنے رکھے ۔ اس کے علاوہ جن وفود نے بی بی ویاس کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے مطالبات پورے کرنے میں اُن کی مداخلت طلب کی اُن میں کرکٹ ایسوسی ایشن فار دی بلائنڈ ان جموں اینڈ کشمیر ، ڈیلی سی پی ورکرز ، ایم ایل اے جموں ایسٹ راجیش گپتا کی قیادت والا وفد ، سابق وزراء ہرش دیو اور سکھ نندن چودھری کی سربراہی والے وفد ، مُکند شرما کی قیادت والا وفد ، لگو ادھیوگ بھارتی اور مختلف محکموں کے ملازمین پر مشتمل وفود شامل تھے ۔ بی بی ویاس نے وفود کے مطالبات غور سے سُنے اور یقین دلایا کہ انہیں مرحلہ وار طریقے پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کئی ایک مسائل کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں