یو این آئی
نئی دہلی//حکومت نے بدھ کو بہار کے دیگھا اور سون پور کو جوڑنے کے لیے دریائے گنگا پر چھ لین والے پل کی تعمیر کو منظوری دے دی ہے ، جس سے شمال اور جنوب کے درمیان ٹریفک کی سہولیات میں بہتری آئے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کل یہاں اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس پل پر 3065 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور پل کی تعمیر 42 ماہ میں مکمل ہو سکے گی۔ پل کو اضافی کیبلز کے ساتھ اس طرح تیار کیا جائے گا کہ اس کے نیچے دریائے گنگا پر بڑے جہازوں کی آمد و رفت ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ اس پل کی لمبائی 4.5 کلو میٹر ہوگی اور یہ چھ لین کا ہوگا۔مرکزی کابینہ نے نیوزی لینڈ کے آکلینڈ میں قونصلیٹ جنرل آف انڈیا کھولنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔ آکلینڈ میں قونصلیٹ جنرل آف انڈیا کے کھلنے سے ہندوستان کے سفارتی اثر و رسوخ کو بڑھانے اور ہندوستان کی بڑھتی ہوئی عالمی شمولیت کے پیش نظر ہندوستان کی سفارتی نمائندگی کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ اس سے ہندوستان کے اسٹریٹجک اور تجارتی مفادات کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی اور آکلینڈ میں ہندوستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کی بہتر خدمت ہوگی۔ امکان ہے کہ آکلینڈ میں قونصلیٹ جنرل 12 ماہ کی مدت کے اندر کھولے جانے اور مکمل طور پر کام کرنے لگے گا۔ مرکزی کابینہ نے ہندوستان اور اٹلی کے درمیان ہجرت اور نقل و حرکت کے معاہدے پر دستخط کرنے اور اس کی توثیق کرنے کی وزارت خارجہ کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھائے گا اور طلباء، ہنر مند کارکنوں، کاروباری افراد اور نوجوان پیشہ ور افراد کی نقل و حرکت کو فروغ دے گا اور دونوں فریقوں کے درمیان غیر قانونی نقل مکانی سے متعلق مسائل پر تعاون کو مضبوط کرے گا۔