عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے کل گورنمنٹ ہائی اسکول ہاپتنار کا نام تبدیل کرکے ’’شہید عادل حسین شاہ میموریل ہائی سکول ہاپتنار‘‘رکھنے کی تقریب کی صدارت کی۔وزیر تعلیم سکینہ اِیتو نے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہید عادل حسین کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ادارے کا نام تبدیل کرنا شہید کی جرأت، قربانی اور حب الوطنی کے جذبے کو خراج پیش کرنے کی ایک عاجزانہ کوشش ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بہادر سپوت کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور شہید عادل کو ہمارے دِلوں میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیوں کہ اس سکول کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے تاکہ ان کی قربانی کو تسلیم کیا جا سکے۔
اُنہوں نے شہید عادل حسین کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کنبے کی ہر ممکن مدد کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے طلبأ پر زور دیا کہ وہ عزم، نظم و ضبط کے ساتھ سخت محنت کریں اور قوم کی تعمیر اور سماجی ترقی میں مثبت کردار اَدا کریں۔سکینہ اِیتو نے جموں و کشمیر بھر میں تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ڈھانچے کو بہتر بنانے، تعلیمی سہولیات کو بڑھانے بالخصوص دیہی و دُور دراز علاقوں کے طالب علموں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔دورے کے دوران مقامی باشندوں اور شہید عادل حسین کے اہلِ خانہ سے بھی بات چیت کی اور شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔اِس موقعہ پرشہید عادل حسین شاہ کی یاد میں ایک مختصر فلم بھی پیش کی گئی جس میں اُن کی بہادری کو اُجاگر کیا گیا جبکہ مقررین نے اُن کی دلیری اور اِنسان دوستی پر روشنی ڈالی۔اس دوران سکینہ ایتو نے کل ڈاک بنگلہ کھنہ بل میں منعقدہ عوامی دربار کے دوران اننت ناگ اور کلگام اضلاع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کئی عوامی وفود سے ملاقات کی اور عوامی مسائل اور ترقیاتی مطالبات غور سے سُنے ۔ اس موقع پر ایم ایل اے پہلگام الطاف احمد وانی ( کلو ) ، ایم ایل اے اننت ناگ ویسٹ عبدالمجید بھٹ ( لارمی ) ، ایم ایل اے شانگس ۔
اننت ناگ ایسٹ ریاض احمد خان ، کلگام اور اننت ناگ اضلاع کے پروگرام آفیسر ، سی ای او ، سی ایم او ڈی ایس ڈبلیو او ، مختلف محکموں کے ایگزیکٹو انجینئر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔وفود نے مریضوں کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے اور نچلی سطح پر بہتر طبی خدمات کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اسپتالوں میں ایکسرے پلانٹس ، ای سی جی مشینوں اور یو ایس جی کی سہولیات سمیت جدید تشخیصی اور طبی آلات کی تنصیب کی فوری ضرورت پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ لوگوں کی صحت کی دیکھ بھال کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہسپتالوں میں ماہر ڈاکٹروں بشمول ای این ٹی ماہرین اور اطفال کے ماہرین کی دستیابی کا بھی مطالبہ کیا ۔ وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے تمام شکایات اور مطالبات کو غور سے سُنا اور عوام کو یقین دلایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کے شعبوں کی مساوی ترقی اور مضبوطی کیلئے پرعزم ہے ۔
سکولوں کے نام ممتاز شخصیات پر رکھنے کو منظوری
وزیر اعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں فیصلہ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے ممتاز شخصیات اور شہدأ کی شاندار خدمات، میراث اور عظیم قربانیوں کے اعتراف میں متعدد سکولوں کے نام ان کے نام پر رکھنے کی منظوری دی ہے۔یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں منعقدہ وزرأ کونسل کی ساتویں میٹنگ کے بعد لیا گیا ہے ۔گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول گاندھی نگر جموں کا نام آنجہانی پرنسپل کلدیپ کمار بڈیال کے نام پر رکھا گیا ہے جبکہ ضلع اننت ناگ کے گورنمنٹ ہائی سکول ہاپٹنارڈ کا نام مرحوم عادل حسین شاہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔عادل حسین شاہ نے بیسرن حملے کے دوران اپنی جرأت ،ہمت اور بے لوثی سے عوامی ستائش حاصل کی جہاں اُنہوں نے سیاحوں کو محفوظ مقام تک پہنچانے میں مدد کی اور اِنسانیت کے لئے اَپنی جان قربان کر دی۔حکومت نے کہا کہ یہ اَقدام کا مقصد ان ممتاز شخصیات اور شہدأ کی یاد اور میراث کا احترام کرنے کے لئے ہے جنہوں نے معاشرے کے لئے نمایاں خدمات اور قربانیاں اَنجام دی ہیں۔