بڈگام//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے ضلع بڈگام کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی ۔ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا، چیف انجینئر آر اینڈ بی کشمیر ، ایس ایس پی بڈگام اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ دورے کے دوران متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے بٹھناگر نے افسران پر زور دیا کہ وہ کاموں کی پیش رفت کی راہ میں آنے والے مشکلات کو دور کرنے کیلئے آپسی تال میل کے ساتھ کام کریں ۔ عمل آوری ایجنسیوں سے ان منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مشیر نے افسران پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کی مستقل نگرانی کریں تا کہ زمین پر ٹھوس نتائج برآمد ہوں ۔ انہوں نے طویل عرصہ سے التوا میں پڑے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے افسران کو ہدایت دی ۔دریں اثنا مشیر نے بمنہ سرینگر میں 500 بستروں والے بچوں کے ہسپتال میں جاری کام کا بھی معائنہ کیا ۔ یہ ہسپتال 116.25 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ٹھناگر نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ ہسپتال میں جاری کام کی رفتار کو تیز کریں تا کہ اسے جلد عوام کے نام وقف کیا جا سکے ۔