جموں//جہاں ایک طرف ہرسال وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقہ میں واقع مشہور ماتا کھیر بھوانی مندر میں سالانہ ’میلہ کھیر بھوانی‘میلہ منعقدہوتاوہیں جموں کے بھوانی نگرجانی پورمیں واقع ماتاکھیربھوانی مندرمیں کشمیری پنڈت برادری نے روایتی جوش وخروش سے پوجاپاٹھ کیا۔گذشتہ روز بھوانی نگرمیں ماتاکھیربھوانی مندرمیں آنے والے عقیدت مندوں میں کافی جوش وخروش دیکھاگیااورانہوں نے مذہبی رسوم کے مطابق پوجاپاٹھ کیا۔واضح رہے کہ میلہ کھیربھوانی ہرسال وادی کشمیرکے ضلع گاندربل میں منعقدہوتاہے اوراس تہوار کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ اب گذشتہ اڑھائی دہائیوں سے اُن کشمیری پنڈتوں کو اپنے مقامی کشمیری مسلمان اور پنڈت بھائیوں سے ملنے کا موقع بھی فراہم کررہا ہے، جو 1990 میں نامساعد حالات کی وجہ سے وادی میں اپنا گھر بارچھوڑ کر ہجرت کرگئے تھے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی ملک کے مختلف حصوں میں رہائش اختیار کرچکے کشمیری پنڈتوں نے ہزاروں کی تعداد میں تولہ مولہ گاندربل آکر میلہ کھیر بھوانی میں شرکت کی۔ انتظامیہ نے اس بار میلے میں شرکت کے خواہشمند عقیدتمندوں کے لئے سرمائی دارالحکومت جموں اور قومی راجدھانی نئی دہلی سے تولہ مولہ تک ٹرانسپورٹ کے مناسب انتظامات کئے تھے۔ اس کے علاوہ مندر کے اندر اور باہر بھی عقیدتمندوں کے لئے معقول انتظامات کئے گئے تھے۔ اس سلسلے میں ایک کشمیری پنڈت نے بتایاکہ ہم ریاست جموں وکشمیرمیں امن اورخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔