بھدرواہ // بھدرواہ کے بھالہ ۔ٹیسنہ لنک روڈ پر داراینہ علاقہ میں گُذشتہ شب ایک منی بس پُر اسرار طور سے خاکستر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق میٹا ڈار زیر نمبرکو اسکے ڈرائیور نے گُذشتہ شب سڑک پر پارک کرکے اپنے گھر گیا تھا۔اور جونہی اُسے ا سکی اطلاع ملی تو وہ فوری طور سے بھاگتا ہوا وہاں آیا اور آگ بجھانے لگا۔ پولیس پوسٹ بھالہ کے انچارج ایس آئی سنیل پریہار کو جونہی اطلاع ملی تو اُس نے فوری طور سے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر کارروائی کرکے تقریباً آدھے گھنٹے کی جد و جہد کے بعد آگ بجھانے میں کامیابی حاصل کی لیکن تب تک گاڑی تقریباً مکمل طور سے خاکستر ہوئی تھی۔اُس کے مطابق اگرچہ یہ شر پسند عناصر کی کارستانی لگتی ہے، تاہم پولیس نے ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی بھی ایف آئی آر درج نہیں کی ہے اور کوئی بھی اس سلسلہ میں رسمی طور سے پولیس کے پاس شکایت لیکر نہیں آیا ہے۔جب اس بارے میں اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ سے رابطہ کیا گیا، تو اُنہوں نے کہا کہ ہم نے اس کا سنگین نوٹس لیا ہے اور آگ کی وجہ ڈھونڈنے کے لئے ابتدائی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ای ایس پی نے مزید کہا کہ منی بس کا مالک عارف حُسین ولد غلام حُسین ساکنہ چیکا ،بھالہ بتایا جاتا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈوڈہ۔ بھدرواہ روڈ پر بھالہ کے نزدیک گُذشتہ سال 30 جولائی کو بھی ایک منی بس پُر اسرار طور سے خاکستر ہوئی تھی۔