مائیکروسافٹ اور امیزون کا اعلان
سرینگر// بھارت دنیا بھر کی بڑی ٹیک کمپنیوں کیلئے ایک بڑا ہاٹ سپاٹ بن گیا ہے۔ ایک کے بعد ایک دنیا بھر کی ٹیک کمپنیاں بھارت میں بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ اب امریکی ٹیک کمپنی مائیکروسافٹ اس فہرست میں شامل ہو گئی ہے، جس نے بھارت میں اپنی اب تک کی سب سے بڑی ایشیائی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد ذاتی طور پر اپنے میگا انویسٹمنٹ پلان کا اعلان کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ مائیکروسافٹ اگلے چار برسوں میں بھارت میں 17.5 بلین ڈالر، یا 1.5 لاکھ کروڑ سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ ایشیا میں مائیکروسافٹ کی اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے اور یہ واضح طور پر ظاہر کرتی ہے کہ عالمی ٹیک کمپنیاں آنے والے اے آئی دور میں ہندوستان کی اہمیت اور کردار سے واقف ہیں۔نڈیلا کے مطابق مائیکروسافٹ کی توجہ صرف پیسہ لگانے پر نہیں ہے، بلکہ بھارت کے بنیادی ڈھانچے، مہارتوں، اور صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر بھی ہے تاکہ ملک اے آئی پر مبنی مستقبل کے لیے پوری طرح سے تیار ہو۔مائیکروسافٹ نے کہا کہ وہ بنیادی طور پر حیدرآباد میں بھارت کے جنوبی وسطی کلاڈ ریجن پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ یہ کلاڈ ریجن سنہ 2026 کے وسط تک لائیو ہو جائے گا۔
کمپنی نے یہ بھی کہا کہ ایک نیا کلاڈ ریجن تیار کیا جا رہا ہے جو کولکاتا کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم سے تقریبا دوگنا بڑا ہو گا۔ مودی نے کہا کہ پوری دنیا کو بھارت کی اے آئی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے۔ حکومت خود ملک کو اے آئی اور سیمی کنڈکٹر حب کے طور پر ترقی دینے کے لیے خاطر خواہ مراعات فراہم کر رہی ہے تاکہ مقامی جدت کو فروغ دیا جا سکے اور درآمدات پر انحصار کم کیا جا سکے۔دوسری طرف بھارت دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی ڈیجیٹل مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔ اس دوڑ میں گوگل نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ پانچ برسوں میں بھارت میں 15 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اور وشاکھاپٹنم میں اپنا پہلا اے آئی مرکز بنائے گا۔یہ سرمایہ کاری نہ صرف کمپنیوں بلکہ عام صارفین کے لیے بھی اہم تبدیلیاں لائے گی۔بھارت میں ٹیک سرمایہ کاری کی بارش ہو رہی ہے۔ مائیکروسافٹ کی جانب سے منگل کو بھارت میں 17.5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کرنے کے بعد ای کامرس کمپنی امیزون نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ بھارت میں 2030تک اپنے کاروباروں میں 35 بلین ڈالر (3.14 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ)کی میگا سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔کمپنی کے ایک سینئرعہدیدار نے کہا کہ تازہ میگا سرمایہ کاری اے آئی سے چلنے والی ڈیجیٹائزیشن، برآمدات میں اضافے اور ملازمتوں کی تخلیق پر مرکوز ہوگی۔امیزون سمبھاو سمٹ کے دوران یہ اعلان کرتے ہوئے سینئر وی پی ایمرجنگ مارکیٹس، امیت اگروال نے کہا کہ کمپنی نے بھارت سے برآمدات کو تقریبا 20 بلین امریکی ڈالر سے چار گنا بڑھا کر80بلین امریکی ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے اور سنہ 2030تک ایک ملین اضافی براہ راست، بالواسطہ اور موسمی ملازمتیں پیدا کرے گا۔ اگروال نے کہا۔’’ایمیزون نے 2010سے اب تک بھارت میں 40 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ اب ہم بھارت میں اپنے تمام کاروباروں میں 2030تک مزید 35 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے‘‘۔ایمیزون کا سرمایہ کاری کا یہ منصوبہ مائیکرو سافٹ کے 17.5 بلین امریکی ڈالر کے سرمایہ کاری کے منصوبے سے دو گنا اور 2030تک گوگل کے 15 بلین امریکی ڈالر کے سرمایہ کاری کے منصوبے سے 2.3گنا زیادہ ہے۔ اگروال نے کہا کہ امیزون نے اب تک بھارت میں 40 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور وہ بھارت میں سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کار ہے۔