اودھمپور//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر و ممبراسمبلی نگروٹہ دیوندر سنگھ رانا نے کہاکہ بھاجپا جموں کے مسائل حل کرنے میں تمام سطحوں پر ناکام ہوگئی اوراس جماعت نے جموں کی پشت میں چھرا گھونپا۔ اودھمپور میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ حیرانگی اس بات پر نہیں کہ بھاجپا نے عوامی سطح پر اپنی ناکامیوں کو تسلیم کیابلکہ اس جماعت نے2014کے چنائو میں پچیس نشستوں پر کامیابی دلانے والوں کے ساتھ دھوکہ کیا ۔رانا نے کہاکہ ایمانداری اور سیاسی اخلاقیات اس بات کا تقاضہ کرتی ہے کہ بھاجپا اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرے اور عوام سے معافی مانگے جنہیں بڑے بڑے خواب دکھائے گئے ۔بھاجپا کو مخاطب ہوکر انہوں نے کہا’’آپ مرکز اور ریاست دونوں جگہوں میں اقتدار میں تھے ،وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور وزراء ریاست کے دورے کرتے رہے اور پی ڈی پی کے اتحاد سے ریاست میں ترقی اور بہتر حکمرانی پر سینہ چوڑاکرتے رہے اور ساتھ ہی سب کاساتھ، سب کا وکاس کے وعدے پر عہدبند رہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ نہ ہی ترقیاتی کام ہوئے جس کا کھلے عام بھاجپا نے اعتراف کیا اورنہ ہی سب کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ‘‘۔این سی لیڈر نے بھاجپا کے وفد کی گورنر سے ملاقات اوران کے سامنے رکھے گئے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جموں خطے میں ایمز اور تین میڈیکل کالجوں کا قیام ، سمارٹ سٹی پروجیکٹ ،دین دیال اوپادھیائے گرام جیوتی یوجنا کی عمل آوری ، مصنوعی جھیل پروجیکٹ ، صابر متی پروجیکٹ کی طرز پر توی پروجیکٹ جیسے مسائل کے حل کی وزارتیں تو بھاجپا کے پاس ہی تھیں اوراب وہ کیسے کسی پر الزام دے سکتے ہیں۔ممبراسمبلی نے کہاکہ نیشنل کانفرنس عوام دوست پالیسیوں پر عمل پیرا رہتے ہوئے ریاست کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں رہے گی جس میں پی ڈی پی اور بھاجپا اتحاد ناکام رہا۔انہوںنے پارٹی کارکنان پر زور دیاکہ وہ مقامی سطح پر تنظیم کو مضبوط کریں۔