رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے علاقے بگنوٹی میں پیش آنے والے المناک سڑک حادثے میں لقمہ اجل ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر تین ہو گئی ہے۔ اس افسوسناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔گزشتہ روز نوشہرہ کے بگنوٹی قومی شاہراہ پر دو گاڑیوں کے درمیان شدید تصادم ہوا تھا۔ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ محکمہ پولیس میں بطور اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) تعینات شوبم چوہدری موقع پر ہی لقمہ اجل ہو گئے، جبکہ ان کی بہن رینو چوہدری، بہنوئی راکیش اور ایک کمسن بچی شدید زخمی ہو گئے تھے۔حادثے کے بعد تمام زخمیوں کو فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں رینو چوہدری زیرِ علاج جموں میڈیکل کالج میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
بعد ازاں ان کے بہنوئی راکیش بھی فوج کے اسپتال میں دورانِ علاج زندگی کی جنگ ہار گئے۔ اس طرح اس افسوسناک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ہفتہ کی صبح اور شام کے اوقات میں گاؤں کلسیاں اور گنیا میں تینوں مہلوکین کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ اس موقع پر غم و اندوہ کی فضا چھائی رہی۔ فوج کے جوانوں نے آنجہانی ایس پی او شوبم چوہدری کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ہتھیار الٹے کر کے سلامی پیش کی، جبکہ اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور علاقے کے سینکڑوں افراد نے نم آنکھوں کے ساتھ انہیں آخری الوداع کہا۔مقامی لوگوں نے اس دلخراش حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور ایسے مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے المناک حادثات سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔