محتشم احتشام
پونچھ//معاشرتی شعور کی بیداری اور نوجوان نسل کو اہم سماجی مسائل سے آگاہ کرنے کے مقصد سے محکمۂ تعلیم پونچھ کے زیر اہتمام ایک جامع ضلعی سطح کا آگاہی پروگرام گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے کانفرنس ہال میں منعقد کیا گیا۔یہ پروگرام جموں کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ ڈویژنل سطح کی تقریب کی براہِ راست نشریات کے ذریعے پیش کیا گیا، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ڈویژنل سطح کے اس اہم پروگرام میں معزز وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جبکہ وزیر تعلیم سکینہ مسعود ایتو نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں افتتاحی سیشن، تکنیکی نشستیں، ماہرین کے خطابات، اور مختلف موضوعات پر تربیتی سیشن شامل تھے،جن کا مقصد تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔پروگرام میں ٹریفک آگاہی، ذہنی صحت، منشیات سے نجات، کیریئر کونسلنگ اور ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کیا گیا۔ ضلع سطح پر بوائز ہائر سیکنڈری اسکول پونچھ، گرلز ہائر سیکنڈری اسکول پونچھ، بوائز ہائی اسکول پرانی پونچھ اور ہائی اسکول کنیویان کے تقریباً 250 طلبہ نے فعال شرکت کی۔ضلع میں اس پروگرام کے کوآرڈینیٹر کے فرائض انور خان، پرنسپل بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی نے انجام دیے۔ افتتاحی اجلاس میں پروفیسر جسبیر سنگھ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ، پروفیسر اورنگزیب انجم، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج منڈی، اور ضلع تعلیمی منصوبہ بندی افسر نیلم شرما نے شرکت کی اور معزز مہمانوں کے خطابات کو بغور سنا۔تقریب کی نظامت درشن بھارتی نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں انجام دی۔ اس موقع پر شرکاء سے ماحولیاتی تحفظ اور ٹریفک قوانین کی پابندی کا عہد بھی لیا گیا، جس سے نوجوانوں میں ذمہ دار شہری ہونے کا شعور اجاگر ہوا۔پروگرام کے اختتام پر طلبہ میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی، جبکہ کوآرڈینیٹر نے گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے پرنسپل کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ پروگرام کامیابی سے منعقد ہوا۔ مزید برآں اعلان کیا گیا کہ 9 اپریل 2026 کو انہی موضوعات پر مضمون نویسی، مصوری اور کوئز مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ میں آگاہی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔