یواین آئی
پریاگ راج// اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پریاگ راج میں ماگھ میلے کے موقع پر بنگلہ دیش کے حالیہ واقعات پر اپوزیشن جماعتوں کی خاموشی کو ہدفِ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سیکولرازم کے نام پر سیاست کرتے ہیں وہ ہندو سماج اور سناتن دھرم کو کمزور کرنے میں سرگرم رہتے ہیں، لیکن بنگلہ دیش میں ہونے والے واقعات پر ان کی زبان بند ہے۔ یوگی نے ذات، مذہب اور فرقہ وارانہ تقسیم کو سماج کے لیے تباہ کن قرار دیتے ہوئے اسے ایک سنجیدہ انتباہ بتایا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سناتن دھرم کو مضبوط کرنا ڈبل انجن حکومت کا عزم ہے اور سماج کو توڑنے والی طاقتوں کو کبھی پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے جگدگرو رامانند آچاریہ کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے سماجی اتحاد اور ہم آہنگی پر زور دیا اور کہا کہ سنتوں کی یکجہتی کے نتیجے میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ممکن ہوئی۔ یوگی نے پریاگ راج کی مذہبی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سناتن روایت آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہو گی۔