کولمبو// (یواین آئی)وکٹ کیپر بلے باز کشل پریرا کو بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لئے سری لنکا کا ون ڈے کپتان مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ کوشل مینڈیس کو 18 رکنی ٹیم میں نائب کپتان نامزد کیا گیا ہے 30 سالہ پریرا نے سری لنکا کے لئے 101 ون ڈے،، 22 ٹیسٹ اور 47 ٹی 20 میں نمائندگی کی ہے۔ وہ دیموتھ کرونارتنے سے ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ ون ڈے سیریز میں ٹیم کی کپتانی کی تھی جس میں سری لنکا صفر۔تین سے ہار گیا تھا۔ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں دنیش چانڈیمل ، اینجلیو میتھیوز اور لاہرو تریمانے کو سری لنکا کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم سے ہٹا دیا ہے۔ ایسورو اڈانا اور دھننجے ڈی سلوا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈیز دورے میں نہیں رکھا گیا تھا۔ ٹیم میں کئی نئے کھلاڑی شامل کئے گئے ہیں۔