عظمیٰ نیوز سروس
لیورپول/مانچسٹر یونائیٹڈ کے بنجامن سیسکو نے ایک بار پھر اپنی مہارت ثابت کرتے ہوئے ایورٹن کے خلاف میچ میں فیصلہ کن گول داغ کر اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی ہے ۔ اس فتح کے ساتھ ہی یونائیٹڈ نے ٹاپ 4 میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے ۔لیورپول کے گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس میچ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے بنجمن سیسکو نے میدان میں داخل ہونے کے محض 13 منٹ بعد گول کر کے مانچسٹر یونائیٹڈ کو 0-1 سے برتری دلائی جو آخر تک برقرار رہی۔ یہ گزشتہ چار میچوں میں تیسرا موقع ہے جب سیسکو نے بینچ سے آکر ٹیم کے لیے اسکور کیا اور پوائنٹس حاصل کیے ۔یونائیٹڈ کے عبوری کوچ مائیکل کیرک نے سیسکو کی تعریف کرتے ہوئے کہا یہ ایک شاندار فنش تھا، مجھے اس کا پراعتماد انداز بہت پسند آیا۔”
اس فتح کے ساتھ مائیکل کیرک کی نگرانی میں یونائیٹڈ کی ناقابلِ شکست مہم چھ میچوں تک پہنچ گئی ہے ۔میچ کے 71 ویں منٹ میں میتھیوس کنہا اور برائن مبومو کے بہترین تال میل نے سیسکو کے لیے موقع بنایا، جنہوں نے جورڈن پکفورڈ کو چکمہ دیتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔اس جیت کے بعد یونائیٹڈ چوتھی پوزیشن پر ہے اور اس نے چیلسی اور لیورپول پر 3 پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ ڈیوڈ موئس کی ٹیم کے لیے یہ شکست ایک بڑا دھچکا ہے ، جو اپنے نئے ‘ہل ڈکنسن اسٹیڈیم’ میں گزشتہ سات میچوں سے کوئی جیت حاصل نہیں کر سکی ہے اور اب نویں نمبر پر موجود ہے ۔