اشرف چراغ
کپوارہ//کپوراہ کے کرناہ علاقہ میں مویشیوں میں بلک کوارٹر (چوڑے مار)وبائی بیماری نے سنگین رخ اختیار کیا ہے تاہم کسی بھی ویٹرنری اسپتال میں انجکشن موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگو ں میں سخت تشویش پائی جار رہی ہے ۔دیہاتیوں نے الزام لگایا کہ طویل عرصہ سے ویکسین کی عدم دستیابی اور مقامی ویٹرنری سنٹرو ں میں عملے کی قلت کی وجہ سے اس بیماری پر فوری طور قابو پانا نا ممکن ہے ۔حالیہ ہفتو ں میں انتہائی مہلک بیکٹرویل بیماری کے کئی معاملات سامنے آئے ۔جبڑی بالا میں بلیک کوارٹر کی وجہ سے کم از کم نصف درجن مویشی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ کنڈی میںمتعدد جانور اپنی جان گنوا بیٹھے جس کی وجہ سے مویشیوں پر انحصار کرنے والے خاندانو ں کو بھاری معاشی نقصان پہنچ چکا ہے ۔متاثرہ مویشیو ں کے مالکان کا کہنا ہے کہ محکمہ ویٹر نری سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ اس وبائی بیماری کو قابو کرنے والے انجکشن برسوں سے موجود نہیں ہیں ۔جس کیو جہ سے اس بیماری پر قابو پانا مشکل بن گیا ہے ۔ لوگو ں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اقدامات نہپیں کئے گئے تو ان کے مویشی ہلاک ہو جائیں گے ۔ لوگو ں کا کہنا ہے کہ مویشیو ں میں چوڑے مار بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اور فوری طور پر ویکسنیشن کی مہم اور احتیاطی تدابیر کے بغیر یہ بیماری دوسرے دیہات میں بھی پھیل سکتی ہے ۔مقامی لوگو ں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ پشو و بھیڑ پالن سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری کوئی قدم اٹھائیں اور اس بیماری کے ویکسن منگوا کر علاج شرو ع کریں ۔