جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر میں بلاک میڈیکل آفیسرکی کافی عرصے سے عدم تعیناتی کے باعث سب ضلع ہسپتال مینڈھر سمیت گرد و نواح کے تمام طبی مراکز کی حالت دن بہ دن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ مقامی لوگوں اور مریضوں کو علاج و معالجہ کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے بی ایم او کی کرسی خالی پڑی ہے، جس کے باعث طبی نظام میں نگرانی اور نظم و ضبط کا فقدان پیدا ہو گیا ہے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور دیگر بنیادی سہولیات متاثر ہو رہی ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بی ایم او کی عدم موجودگی کی وجہ سے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، جبکہ مریضوں کو معمولی علاج کے لیے بھی پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔ کئی بار شکایات کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا گیا۔عوامی حلقوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر بی ایم او کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ طبی نظام کو بہتر بنایا جا سکے اور لوگوں کو بنیادی صحت سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔