سرنکوٹ//بفلیاز کے لوگوں نے الزام لگایاہے کہ وارڈ نمبر 2 محلہ زیارت میں چل رہی یونانی ڈسپنسری کئی عرصہ سے بند پڑی ہے جس سے مقامی لوگوں کو علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں ہورہی ۔مقامی لوگوں کاالزا م ہے کہ یہ ڈسپنسری ایک سال سے بند پڑی ہے ۔ امجد خان، منشی خان ،نذیر خان، تصدق خان ،ایوب خان وغیرہ نے بتایا کہ یہ ڈسپنسری کئی سال قبل بنائی گئی تھی جس سے یہاں کے لوگوں کو طبی خدمات ملتی تھیں تاہم افسوسناک بات ہے کہ ایک سال سے یہ طبی مرکز بند پڑاہے اور لوگوں کو علاج کی سہولت نہیں مل رہی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ڈسپنسری میں سنگلانی ،تراڑاں والی بفلیاز کے دور دراز علاقوں سے لوگ آتے ہیں جنہیں خالی ہاتھ واپس لوٹ جاناپڑتاہے ۔انہوں نے حکام سے مانگ کی ہے کہ اس ڈسپنسری کو کھلارکھاجائے اور مقامی لوگوں کو طبی خدمات فراہم کی جائیں ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ ڈسپنسری کے بند رکھے جانے کی تحقیقات کروائیں ۔رابطہ کرنے پر اے ڈی ایم او ڈاکٹر منظور نے بتایاکہ آج ملازمین کی حاضری کیلئے بائیو میٹرک نظام ہے اور ایسا نہیں ہوناچاہئے تاہم وہ معاملے کی جانچ کریں گے اور اگر ایسا پایاگیاتو سخت کارروائی ہوگی۔