عشرت حسین بٹ
سرنکوٹ //ممبر اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم نے سنیچر کے روز اپنے حلقہ انتخاب میں متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے آٹھ کروڑ اکتالیس لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی بفلیاز مڑہ ہل کاکا رابطہ سڑک اور اسی لاکھ روپے کی لاگت سے سرنکوٹ بس اڈہ میں ٹائل ورک کے تعمیری کام کا باضابطہ افتتاح کیا۔اس موقع پر ہل کاکا، بفلیاز اور مڑہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں مقامی باشندے موجود تھے جنہوں نے ایم ایل اے کا پرتپاک استقبال کیا اور دیرینہ مطالبہ پورا ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ عوام کا کہنا تھا کہ سڑک کی عدم دستیابی کے باعث انہیں برسوں سے پیدل سفر کرنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے روزمرہ زندگی شدید مشکلات کا شکار تھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھی بنیادی سڑک جیسی سہولت سے محرومی علاقے کی پسماندگی کی بڑی وجہ تھی، تاہم اب اس منصوبے کی شروعات سے مقامی آبادی کو بڑی راحت ملے گی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بفلیاز، ہل کاکا اور مڑہ سرنکوٹ حلقہ کے دور افتادہ علاقے ہیں جہاں آمدورفت کے مناسب ذرائع نہ ہونے کے باعث مریضوں، طلبہ اور بزرگوں کو خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ نئی سڑک کی تعمیر سے نہ صرف سفر آسان ہوگا بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔بعد ازاں ایم ایل اے نے سرنکوٹ شہر میں بس اڈہ پر ٹائل ورک کے کام کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے گا جس سے بس اڈہ کی حالت بہتر ہوگی اور مسافروں کو صاف ستھرا اور سہل ماحول میسر آئے گا۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد اکرم نے کہا کہ سڑک کسی بھی علاقے کی ترقی کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے اور بفلیاز مڑہ ہل کاکا کے عوام طویل عرصے سے اس بنیادی سہولت سے محروم تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سڑک سی آر ایف اسکیم کے تحت تقریباً آٹھ کروڑ چالیس لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔انہوں نے اس منصوبے کے لئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز کی منظوری میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔ ایم ایل اے نے مزید کہا کہ سرنکوٹ بس اڈہ کی حالت گزشتہ کئی دہائیوں سے خستہ تھی اور عوام طویل عرصے سے اس کی بہتری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اب اسی لاکھ روپے کی لاگت سے ٹائل ورک مکمل ہونے کے بعد بس اڈہ کو جدید اور خوبصورت شکل دی جائے گی، جس سے شہریوں اور مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔