جاوید اقبال
مینڈھر//بس اڈہ مینڈھر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور بے ہنگم پارکنگ کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سومو گاڑیوں کو نالے کے اْس پار مقررہ جگہ پر کھڑا کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی، جسے عوام نے مجموعی طور پر ایک مثبت اور قابلِ ستائش قدم قرار دیا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں بس اڈہ کے اندر رش میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور مسافروں کو آمد و رفت میں کسی حد تک سہولت بھی حاصل ہوئی، تاہم اس اقدام کے بعد ایک نئی پریشانی نے جنم لے لیا ہے جو عوام کیلئے دردِ سر بنتی جا رہی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق چند ایجنٹوں کی جانب سے پل کے اْس پار ایک نئی غیر منظم پارکنگ بنا دی گئی ہے، جہاں سے سومو گاڑیاں سڑک پر ہی نکال کر مسافر بٹھائی جاتی ہیں۔ اس عمل کے باعث سڑک پر آئے دن ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، جس سے عام لوگوں، تاجروں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ جام بعض اوقات گھنٹوں تک برقرار رہتا ہے، جس سے نہ صرف قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ مریضوں اور ہنگامی گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوتی ہے۔مسافروں نے شکایت کی کہ بیشتر سومو ڈرائیور انتظامیہ کی ہدایات کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ میں کھڑی کرنے کے بجائے سڑک کنارے ہی مسافر بٹھاتے ہیں تاکہ انہیں زیادہ سواریاں مل سکیں۔ اس غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث سڑک مزید تنگ ہو جاتی ہے اور وہاں سے گزرنے والی دوسری گاڑیوں، ایمبولینس اور اسکولی بچوں کی گاڑیوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مسافروں نے اس صورتحال پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں غیر محفوظ اور بے ترتیب انداز میں گاڑیوں میں سوار ہونا پڑتا ہے، جہاں نہ کوئی قطار ہوتی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی نگرانی۔ اس سے خواتین، بزرگوں اور بچوں کو خاص طور پر مشکلات پیش آتی ہیں اور کسی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ بھی ہر وقت رہتا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر سومو گاڑیوں کو واقعی مقررہ پارکنگ میں کھڑا کر کے وہیں سے سواریاں بٹھانے کا نظام سختی سے نافذ کیا جائے تو نہ صرف ٹریفک کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے بلکہ مسافروں کو محفوظ اور باوقار سفری سہولت بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹریفک پولیس اور مقامی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث ڈرائیور اور ایجنٹ کھلے عام قواعد کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔مقامی لوگوں اور سماجی کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بس اڈہ مینڈھر اور پل کے اطراف پولیس اہلکاروں اور ٹریفک وارڈنز کی مستقل تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ ساتھ ہی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف جرمانے، چالان اور لائسنس معطلی جیسی سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی قانون شکنی کی جرات نہ کرے۔ عوام نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لے اور مؤثر اقدامات کے ذریعے ٹریفک نظام کو بہتر بنائے، تاکہ عام لوگوں کو روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔