عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی//شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سبجیکٹ ایسو سی ایشن ’’بزمِ جامعہ‘‘ کے زیر اہتمام بی۔اے، ایم۔اے اور پی۔ جی ڈپلوما اِن اردو ماس میڈیا کے نئے طلبہ و طالبات کے لیے فیکلٹی آف انجینئرنگ کے وسیع آڈیٹوریم میں شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرطلبہ و طالبات نے رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے ۔پروگرام میں نو واردان نے اپنا تعارف پیش کیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈین، فیکلٹی برائے انسانی علوم و السنہ پروفیسرمحمداسحق نے طلبہ و طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی اصلاح و تربیت میں قوم کا مستقبل پوشیدہ ہے ۔ وقت بیش قیمت دولت ہے جس کی طلبہ کو قدر کرنی چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ طلبہ و طالبات کو ایمانی اور اخلاقی اعتبار سے بھی خود کو آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ طلبہ کے لیے لازم ہے کہ وہ علم و فن کی امہات الکتب کے مطالعے کی عادت ڈالیں۔ اس تقریب کے صدر پروفیسر احمد محفوظ،صدر شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے طلبہ و طالبات کی شاندار کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ نے نہایت تن دہی اور غیر معمولی دلچسپی کے ساتھ تمام سرگرمیاں انجام دیں۔ انھوں نے طلبہ کو خصوصی طور پر جامعہ کی علمی و ادبی راویت کی پاسداری کی تلقین کی ۔