تازہ برف باری کے ساتھ ہی سیاحتی مقامات پر رش
سرینگر//وادی کشمیر میں جاری تازہ برف باری نے جہاں روزمرہ زندگی کو متاثر کیا ہے، وہیں سری نگر سمیت گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ جیسے اہم سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔سری نگر میں ڈل جھیل کے کناروں پر پڑنے والی برف نے شہر میں ایک دلکش منظر پیش کیا، جہاں دور دور تک آنے والے مہمان برف میں کھیلتے، تصاویر اور ویڈیوز بناتے دکھائی دیے۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی دنوں سے برف باری کا انتظار کر رہے تھے اور آج کی برف باری نے ان کا سفر یادگار بنا دیا ہے۔ کئی سیاحوں نے بتایا کہ سری نگر پہنچنے کے بعد انہیں اطلاع ملی تھی کہ موسم خراب ہو سکتا ہے، لیکن انہوں نے پھر بھی اپنا سفر جاری رکھا، اور اب انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وادی نے ان کا استقبال اپنے خاص انداز میں کیا ہو۔ادھر گلمرگ میں برف کی نئی تہہ نے اسکینگ کے شوقین افراد کی خوشی کو دوبالا کر دیا ہے۔
مقامی ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ تازہ برف نے سیاحتی سرگرمیوں میں نئی جان ڈال دی ہے اور کمرے تقریبا بھر چکے ہیں۔ گلمرگ گنڈولہ کے اطراف دن بھر لوگوں کا رش رہا، جبکہ کئی سیاحوں نے پہلی بار اسکینگ اور اسنو بورڈنگ کا تجربہ بھی کیا۔ پہلگام میں بھی ماحول کچھ ایسا ہی رہا جہاں وادی لدر دونوں جانب پھیلی ہوئی برف نے ایک شاندار، خوبصورت اور سحر انگیز منظر پیدا کیا اور سیاح برف میں چہل قدمی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ اس دوران پولیس اور ٹریفک حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں اور پھسلن والی سڑکوں پر احتیاط برتیں۔سیاحتی مقامات پر مجموعی طور پر ایسا ماحول رہا جس نے ثابت کیا کہ برف باری وادی کشمیر کے لیے ایک طرف قدرتی چیلنج ضرور ہے، لیکن دوسری طرف یہی برف اس سرزمین کی خوبصورتی اور دلکشی کا سبب بھی ہے، جس کے باعث دنیا بھر سے لوگ یہاں آنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ متعدد مقامات پر پھسلن، پتھروں کے گرنے اور برفانی تودوں کے خدشات کے سبب حکام نے احتیاطی ہدایات جاری کرتے ہوئے لوگوں اور سیاحوںسے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اوراحتیاط برتیں۔اس دوران وادی کے مختلف حصوں میں لوگوں نے شدید برف باری کے باوجود باہر نکل کر اس موسم کا لطف اٹھایا، خاص طور پر نوجوانوں نے برف کے گولے کھیلتے اور تصاویر بناتے ہوئے موسم کو انجوائے کیا لیکن دوسری طرف روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔