راجا ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل کے متعدد علاقوں میں محکمہ بجلی کی جانب سے بجلی کی نرخوں میں اضافہ کرنے کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہے۔محکمہ بجلی سے خائف صارفین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رواں ماہ جو محکمہ بجلی کی جانب سے ان کو بجلی کی بلیں ارسال کی گئی ہیں ان میں 20فیصد کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔منیگام، وطشن، بنہ ہامہ یار قام اور اندرون سمیت دیگر کئی علاقوں میں محکمہ بجلی نے صارفین پر 20فیصدٹیرف کا اضافہ کردیا ہے۔منیگام کے ایک شہری شبیر احمد بٹ نے اس بارے میں بتایا ’’ہمیں ہر ماہ 1760 روپے کی بجلی بلیں فراہم ہوتی تھیں لیکن اس بار 2120روپے کا بل ہاتھوں میں تھمایا گیاجس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بجلی نرخوں میں 20فیصد کا اضافہ کردیا گیا ہے‘‘۔صارفین کے مطابق جن علاقوں میں بجلی کے میٹر ابھی نصب نہیں کئے گئے ہیں ،وہاں صارفین پر مزید بوجھ ڈالا گیا ہے۔