بانہال // عیدمیلادالنبیؐکی تقریبات کے سلسلے میں ضلع رام بن کی سب سے بڑی تقریب بانہال میں منعقد ہوئی جہاں کئی علاقوں میں جلوس نکالے گئے اور کئی محفلیں منعقد کی گئیں جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ قصبہ بانہال ، ٹھٹھاڑ ، چریل ، نوگام سمیت کئی علاقوں میں جلوس برآمد ہوئے اور لوگ درود و سلام پیش کرکے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے تھے۔قصبہ بانہال میں ریلی نکالی گئی جو شاہراہ پر کئی چکر لگانے کے بعد میونسپل پارک بانہال میں اختتام پذیر ہوئی جہاں فلک شگاف نعروں کے بیچ پرچمِ اسلام کو لہرایا گیا اور سلامی پیش کی گئی۔